پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

چلو کہ ہم بھی زمانے کے ساتھ چلتے ہیں نہیں بدلتا …

چلو کہ ہم بھی زمانے کے ساتھ چلتے ہیں
نہیں بدلتا زمانہ تو ہم بدلتے ہیں

کسی کو قدر نہیں ہے ہمارے قدروں کی
چلو کہ آج یہ قدریں سبھی بدلتے ہیں

بُلا رہی ہیں ہمیں تلخیاں حقیقت کی
خیال و خواب کی دنیا سے اب نکلتے ہیں

بُجھی ہے آگ کبھی پیٹ کی اصولوں سے؟
یہ اُن سے پوچھیے جو گردشوں میں پلتے ہیں

اُنہیں نہ تولیے تہذیب کے ترازو میں
گھروں میں جن کے نہ چولہے، نہ دِیپ جلتے ہیں

ذرا سی آس بھی تعبیر کی نہیں جن کو
دلوں میں خواب وہ کیا سوچ کر مچلتے ہیں؟

ہمیں نہ راس زمانے کی محفلیں آئیں
چلو کہ چھوڑ کے اب اِس جہاں کو چلتے ہیں

مزاج تیرے غموں کا سدا نرالا ہے
کبھی غزل تو کبھی گیت بن کے ڈھلتے ہیں

(صدا انبالوی)

المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی