پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

چشمِ باطن کو بروئے کار جب لاتا ہوں میں وہ کہیں…

چشمِ باطن کو بروئے کار جب لاتا ہوں میں
وہ کہیں بھی ہوں،نظر کے سامنے پاتا ہوں میں

اس لیے ہر ظلم خاموشی سے سہ جاتا ہوں میں
یہ نہ سمجھیں وہ کہ ان کے غم سے گھبراتا ہوں میں

فکرِ دنیا ہو، غمِ عقبیٰ ہو، دردِ عشق ہو
غم کا ہر نغمہ رُبابِ عشق پر گاتا ہوں میں

مرحبا! اے کوششِ ضبطِ مسلسل مرحبا
آج ان کو آرزو مندِ فغاں پاتا ہوں میں

اب تو عامر میں ہوں اور اک جستجوئے ناتمام
بے خودی میں خود ہی کھو دیتا ہوں جو پاتا ہوں میں

مولانا عامر عثمانی

از:-یہ قدم قدم بَلائیں ص ۲۱

انتخاب
سفیدپوش