پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پہلے شہر میں آگ لگائیں، نامعلُوم اَفراد اور پھر اَ…

پہلے شہر میں آگ لگائیں، نامعلُوم اَفراد
اور پھر اَمن کے نَغمے گائیں، نامعلُوم اَفراد

لگتا ہے اِنسان نہیں ہیں کوئی چَھلاوہ ہیں
سب دیکھیں پر نَظر نہ آئیں، نامعلُوم اَفراد

ہَم سب اَیسے شہرِ ناپُرساں کے باسی ہیں
جِس کا نَظم و نَسق چَلائیں، نامعلُوم اَفراد

لگتا ہے کہ شہر کا کوئی والی نہ وارِث
ہر جانِب بس دُھوم مَچائیں، نامعلُوم اَفراد

پہلے میرے گھر کے اَندَر مُجھ کو قَتل کریں
اور پھر میرا سوگ مَنائیں، نامعلُوم اَفراد

اِن کا کوئی نام نہ مَسلَک، نہ ہی کوئی نَسل
کام سے بس پہچانے جائیں، نامعلُوم اَفراد

شہر میں جِس جانِب بھی جائیں ایک ہی مَنظر ہے
اُوپر نِیچے دائیں بائیں، نامعلُوم اَفراد۔۔۔!

عقیل عباس جعفری