پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پردہ بہ پردہ جلوہ بہ جلوہ جانِ حیا کی بات چلی خلوت…

پردہ بہ پردہ جلوہ بہ جلوہ جانِ حیا کی بات چلی
خلوتِ دل سے بزمِ نظر تک ایک فضا کی بات چلی

دونوں طرف سے اپنے اپنے حسن و ادا کی بات چلی
ہم سے وفا کا نام چلا ہے تم سے جفا کی بات چلی

رنگ فشاں ہے بات وہ دل کی آج بهی جس کے پردے میں
سرخئ لب کی، غازۂ رخ کی، رنگِ حنا کی بات چلی

بهول گئے پیمانِ وفا ہم ، آپ کا یہ الزام بجا
لیکن پہلے کس کی طرف سے ترکِ وفا کی بات چلی

دونوں میں کچھ ربط نہیں ہے لیکن اس کو کیا کہئے
رہزن ہی کے ساتھ چلی جب راہنما کی بات چلی

سینے میں پتهر تو نہیں تها، دل تها آخر ٹوٹ گیا
ہم نے چلائی جب تک ہم سے، ضبطِ وفا کی بات چلی

آج جسے گلبانگِ سحر کا نام دیا ہے دنیا نے
سچ تو یہ ہے آواز وہی تهی جس سے فضا کی بات چلی

شب بهر شبنم نے رو رو کر گلشن کو شاداب کیا
صبح ہوئی تو خندۂ گل کی، بادِ صبا کی بات چلی

(حزیں صدیقی)