نام محمد عبد الحمید صدیقی، تخلص نظرؔ لکھنوی 3 جولائی 1927ء کو لکھنؤ موضع ‘چنہٹ ‘میں پیدا ہوئے۔ ہائی سکول کی تعلیم موضع اُترولہ ضلع گونڈہ سے 1944ء میں مکمل کی اور 1945ء میں ملٹری اکائونٹس لکھنؤ میں ملازم ہو گئے۔ دسمبر 1947ء کو پاکستان ہجرت کی اور ملٹری اکائونٹس راولپنڈی میں تعینات ہوئے۔ اس طرح راولپنڈی دارالہجرت قرار پایا۔ پہلی اہلیہ کا 5جنوری 1958ء کو راولپنڈی میں انتقال ہوا۔ ان سے پانچ اولادیں ہوئیں جن میں سے تین بیٹے شیر خوارگی کی عمر میں ہی وفات پا گئے اور دو اولادیں ایک بیٹا اور ایک بیٹی حیات رہے ۔عقد ثانی 1960ء میں کیا جن سے کوئی اولاد نہیں ہوئی۔ دوسری اہلیہ کا انتقال بھی3جنوری 1980ء میں راولپنڈی میں ہوا۔ ملازمت کے آخری دس سال فیلڈ پے آفس(FPO)، آرٹلری سنٹر اٹک شہر میں گزارے اور وہیں سے 1979ء میں چونتیس سالہ ملازمت کے بعد اپنی بیمار اہلیہ کی تیمار داری کے لئے بحیثیت اکائونٹنٹ ریٹائرمنٹ لے لی۔ اپنی عمر کے آخری دس سال اسلام آباد میں گزارے۔3جنوری1994ء کو وفات پائی
….
واقفِ آدابِ محفل بس ہمیں مانے گئے
ان کی محفل میں ہمیں شائستہ گردانے گئے
مٹتے مٹتے مٹ گئے راہِ وفا میں لوگ جو
بعد والوں میں نشانِ راہ وہ مانے گئے
کچھ نقوشِ عہدِ رفتہ خیر سے اب بھی تو ہیں
لاکھ بگڑی میری صورت پھر بھی پہچانے گئے
دودھ کے مجنوں تو مل جائیں گے اب بھی ہر جگہ
خون دیں لیلیٰ کو اپنا ایسے دیوانے گئے
سوزِ الفت کا اثر تھا دیدنی مطلوب میں
شمع بھی گھلتی گئی مرتے جو پروانے گئے
کچھ درخشندہ حقائق مجھ سے جو منسوب تھے
کم نصیبی سے مری بنتے وہ افسانے گئے
عقل الجھی ہی رہی چون و چرا میں اے نظرؔ
عشق میں دل کے کیے سب فیصلے مانے گئے

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔