پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کی ادبی کمیٹی کا سال نو مشاعرہ کرانے کا اعلان
کمیٹی شارجہ اور شمالی امارات میں ادبی خلا پر کرے گی ، سلیمان جاذب
باصلاحیت افراد کو سامنے لایا جائے گا، راجہ خیال الحق، مزید خواتین کو مشن میں شامل کیا جائے گا، فرح شاہد
پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کی نوتشکیل شدہ ادبی کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس سماجی مرکز کی عرفہ کریم لائبریری میں ہوا اجلاس کی صدارت کمیٹی کے سربراہ سلیمان جاذب نے کی اجلاس میں کمیٹی کے اغراض ومقاصد طریقہ کار اور مستقبل کے لائحہ عمل بات چیت ہوئی اور کئی فیصلے کئے گئے ادبی کمیٹی کے سربراہ سلیمان جاذب نے کمیٹی کی قیام کی وجوہات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ شارجہ اور اس کے گردونواح میں ادب سے متعلق کام کی شدت سے کمی محسوس ہوتی ہے اس وقت زیادہ تنظیمیں اور ادارے دبئی میں سرگرم عمل ہیں جس کے باعث شارجہ اور شمالی امارات میں اس حوالے سے ایک خلا ہے اس کمیٹی کے قیام کا بنیادی مقصد اس خلا کو پر بھی کرنا ہے ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی مستقبل قریب میں کئی پروگراموں کا انعقاد کرے گی اور شاعروں وادیبوں کو یواے ای میں ایک نیا پلیٹ فارم مہیا کرے اس ضمن میں پہلا مشاعرہ جلد کرانے کی تجویز زیرغور ہے جس میں مقامی کے علاوہ بیرون ملک سے بھی شاعروں کو مدعو کیا جائے گا کمیٹی کے رکن راجہ خیام الحق نے نئے اور باصلاحیت افراد کو مواقع دینے کی ضرورت پر زور دیا ان کا کہنا تھا یہ پلیٹ فارم ان نوجوانوں کو موقع دے گا جو صلاحیت تو رکھتے ہیں مگر اس کے اظہار کا موقع نہیں ملتا فرح شاہد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی جس مقصد کے لئے قائم کی گئی ہے اسے حاصل کرنے میں کوئی کسر نہیں رکھی جائے گی انہوں نے خواتین کی کمیٹی میں شمولیت پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہوگی کہ مزید خواتین کو اس کام میں شریک کیا جائے۔ اجلاس میں شریک نورین غوری نے کہا کہ وہ رضاکار کی حیثیت سے اس مشن میں شامل ہوئی ہیں اور انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ ایک اچھے کام کی شروعات ہورہی ہے اور وہ اس کا حصہ ہیں
شاہد لطیف خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اب سوشل میڈیا کا دور ہے اس لئے اپنے مشن کے فروغ کے لئے اس جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے انہوں نے ادبی کے ساتھ سماجی کاموں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ مستقبل میں اس شعبے میں بھی کام کیا جائے۔ تقریب میں اظہرحسین ، عرفان انور، نعمان، مسٹراور مسز عادل نے بھی شرکت کی انہوں نے ادبی کمیٹی کے قیام کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔