پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انشاء اللہ خان انشاء – شیخ غلام علی ہمدانی مصحفی -…

انشاء اللہ خان انشاء – شیخ غلام علی ہمدانی مصحفی – نظیر اکبرآبادی
…..
نظیر اکبرآبادی
اگر ہے منظور یہ کہ ہووے ہمارے سینے کا داغ ٹھنڈا
تو آ لپٹئے گلے سے اے جاں جھمک سے کر جھپ چراغ ٹھنڈا

ہم اور تم جاں اب اس قدر تو محبتوں میں ہیں ایک تن من
لگایا تم نے جبیں پہ صندل ہوا ہمارا دماغ ٹھنڈا

لبوں سے لگتے ہی ہو گئی تھی تمام سردی دل و جگر میں
دیا تھا ساقی نے رات ہم کو کچھ ایسے مے کا ایاغ ٹھنڈا

درخت بھیگے ہیں کل کے مینہ سے چمن چمن میں بھرا ہے پانی
جو سیر کیجے تو آج صاحب عجب طرح کا ہے باغ ٹھنڈا

وہی ہے کامل نظیرؔ اس جا وہی ہے روشن دل اے عزیزو
ہوا سے دنیا کی جس کے دل کا نہ ہووے ہرگز چراغ ٹھنڈا
…..
انشاء اللہ خان انشاء
پر تو سے چاندنی کے ہے صحن باغ ٹھنڈا
پھولوں کی سیج پر آ’ کر دے چراغ ٹھنڈا

شفقت سے ہاتھ تو دھر ٹک دل پہ میرے تا ہو
یہ آگ سا دھکتا سینے کا داغ ٹھنڈا

مہ کی صراحی ایسی لا برف میں لگا کر
جس کے دھوئیں سے ہووے ساقی دماغ ٹھنڈا

تجنیس جس دنی کی ہو، جوش چشم، یارو!
ہم نے مدام پایا اس کا اجاغ ٹھنڈا

ہیں ایک شخص لاتے خس کی شراب اِنشا
دھو دھا گلاب سے تو کر رکھ ٹھنڈا
….
شیخ غلام علی ہمدانی مصحفی
پیری سے ہو گیا یوں اس دل کا داغ ٹھنڈا
جس طرح صبح ہوتے کر دیں چراغ ٹھنڈا

سر گرم سیر گلشن کیا خاک ہوں کہ اپنا
نزلے سے ہو رہا ہے آپھی دماغ ٹھنڈا

بلبل کے گرم نالے، جب سے سنے ہیں اس نے
دیوارِ گلستاں پر بولے ہے زاغ ٹھنڈا

کیا کیا خوشامدی تب پنکھا لگا ہلانے
کُشتی سے جب ہوا وہ کر کے فراغ ٹھنڈا

صرصر سے کم نہیں کچھ، وہ تیغ تیز جس سے
لاکھوں کا کر دیا ہے دم میں چراغ ٹھنڈا

کشمیری ٹولے میں ہم جاتے تھے روز لیکن
جی آج ٹک ہوا ہے کر کے سراغ ٹھنڈا

گرمی کی رت ہے ساقی اور اشکِ بلبلاں نے
چھڑکاؤ سے کیا ہے سب صحنِ باغ ٹھنڈا

ایسے میں اک صراحی شورے کی تو لگا کر
لبریز کر کے، مجھ کو بھر دے ایاغ ٹھنڈا

کیا ہم ٹکڑ گدا ہیں جو مصحفی یہ سوچیں
ہے گرم اس کا چولہا، اس کا اُجاغ ٹھنڈا