پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وہ اگر بن سنّور گئے ہوں گے دیکھنے والے …

وہ اگر بن سنّور گئے ہوں گے
دیکھنے والے مر گئے ہوں گے

شامِ وعدہ اور انتظار اُن کا
جانے وہ کِس کے گھر گئے ہوں گے

تم بھی دیکھ آؤ مرنے والے کو
اب تو سب چارہ گر گئے ہوں گے

جب گِری ہو گی باغ پر بجلی
اہلِ گلشن کدھر گئے ہوں گے

نیند آئی نہ ہو گی رات اُنھیں
نالے کیا بے اثر گئے ہوں گے

او سرِ راہ منتظر اُن کے
وہ تو کب کے گزر گئے ہوں گے

تم بھی اہلِ جنوں کو پُوچھتے ہو
کیا خبر ہے کدھر گئے ہوں گے

چاندنی کم یکا یک اتنی قمرؔ
بام سے وہ اُتر گئے ہوں گے

استاد قمرؔ جلالوی

از:-رَشکِ قمر ص ۴۱

اِنتِخاب
سفیدپوش