نسرین سیّد کا یومِ پیدائش
April 01
شہرِ جاں گرچہ کسی دشت میں واقع ہوا ہے
دل کے رستے میں، زمانہ کہاں مانع ہوا ہے
زندگی میری، ادھوری تھی کہانی، جیسے
تم سے مل کر ہی فسانہ مرا، جامع ہوا ہے
تب سے مائل بہ کرم وہ بھی نظر آتا ہے
حال جب سے مرا، دلدار پہ واضع ہوا ہے
ہے کوئی، رنج و الم جس سے مرے ٹلتے ہیں
ہے کوئی ، ساری بلاؤں کا جو دافع ہوا ہے
یہ جہاں چھوڑا، تجھے اپنا بنایا جب سے
ساری دنیا کا خسارہ مجھے نافع ہوا ہے
گفتگو میں ہے جو لذت، اِسے معلوم تو ہے
دل مگر ، رمز و کنایہ پہ ہی قانع ہوا ہے
ورنہ آشفتہ سری ، نالے ، تھے بیکار مرے
تجھ سا باصر تو ملا ، کوئی تو سامع ہوا ہے
نعمتیں رب کی سدا اس کو عطا ہوتی ہیں
پئے شکرانہ ، جو ہر گام پہ راکع ہوا ہے
حسنِ تخلیق میں دیکھا ہے ہنر خالق کا
تذکرہ یوں بھی تو صناعیء صانع ہوا ہے
اس میں سودا جو سما جائے جنوں کا نسریںؔ
پھر کہاں دل یہ بھلا ذہن کے تابع ہوا ہے ؟

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔