نعتِ رسول – شہناز نقوی سرکارِﷺ دو جہاں ہیں سردا ر…

نعتِ رسول – شہناز نقوی

سرکارِﷺ دو جہاں ہیں سردا رانبیاء کے
تخلیق کا ہیں باعث محبوب ہیں خدا کے

معراج کی تھی جو شب پردے میں اس نے دیکھے
راز ونیاز جیسے بندے کے اور خدا کے

مدحت انھیں کی لب پہ جاری رہے ہمیشہ
ہونٹوں تک آ گئے ہیں کچھ لفظ یہ دعا کے

وہ امن و آشتی کا پیغام لے کے آئے
سربستہ راز کھولے اللہ کی رضا کے

انسانیت کو جینا سکھلا دیا انہیں نے
بتلادئیے قرینے انسان کو بقا کے

موت اور زندگی کے مطلب بدل دئیے
آلِ نبیﷺ نے جیسے کرب و بلا میں آکے

اول بھی ہیں محمدﷺ آخر بھی ہیں محمدﷺ
سرتاپا نور ہیں یہ پیکر ہیں یہ رضا کے

بس آپﷺ کی شفاعت ہی کا تو آسرا ہے
روزِ جزا میں ہوں گے قابل تو ہم سزا کے

عباس کی وفا نے دیں کو بچا لیا ہے
احسان دین پر ہیں عباس باوفا کے

مولا میرے علی ہیں آقا میرے محمدﷺ
اے نازؔ ہیں یہ دونوں مرکز مری ولا کے