پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

میری خستگی کو جمال دے میری بندگی کو کمال دے مرے …

میری خستگی کو جمال دے
میری بندگی کو کمال دے

مرے دل کو نور میں ڈھال کر
مرے فکر و فن کو اُجال دے

تو عروج دے مرے صبر کو
میری خواہشوں کو زوال دے

جو نکھار دے مری روح کو
مرے دل کو ایسا ملال دے

کوئی چاند بخش کے رات کو
مری ہر سیاہی کو ٹال دے

مری چشمِ گریہ کو حسن بخش
دلِ ریزہ ریزہ سنبھال دے

مجھے دائمی ہو شفقؔ عطا
یہ مرض بدن سے نکال دے

نیر رانی شفقؔ