نام سید سبط علی اور تخلص صبا تھا۔ ۱۱؍نومبر ۱۹۳۵ء ک…


نام سید سبط علی اور تخلص صبا تھا۔ ۱۱؍نومبر ۱۹۳۵ء کو کوٹلی لوہاراں ،ضلع سیالکوٹ میں پید اہوئے۔ ابتدائی تعلیم رڑکی(بھارت) اور سیالکوٹ سے حاصل کی۔ پاکستان آرمی میں ۱۹۵۳ء سے ۱۹۶۰ء تک ملازم رہے۔ ۱۹۶۵ء کی جنگ میں کھیم کرن کے محاذ پر دفاعی خدمات انجام دیں۔ بعدازاں اپنی عمر کے آخری دنوں تک پاکستان آرڈیننس فیکٹریز، واہ کینٹ میں ملازم رہے۔ ۱۴؍ مئی ۱۹۸۰ء کو حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے ان کا انتقال ہوگیا ۔ ان کے انتقال کے بعد ’’طشت مراد‘‘ کے نام سے ان کا شعری مجموعہ ۱۹۸۶ء میں چھپا۔ بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد دوم)،محمد شمس الحق،صفحہ:306

بشُکریہ ریختہ زون

منتخب اشعار

دیوار کیا گری مرے خستہ مکان کی
لوگوں نے میرے صحن میں رستے بنا لیے
۔۔۔۔۔

اتنی پر ہول سیاہی کبھی دیکھی تو نہ تھی
شب کی دہلیز پہ جلنے کو دیا ہی آئے
۔۔۔۔۔

سورج کی برچھیوں سے مرا جسم چِھد گیا
زخموں کی سولیوں پہ مری رات کٹ گئی
۔۔۔۔۔

جب چلی ٹھنڈی ہوا بچہ ٹھٹھر کر رہ گیا
ماں نے اپنے لال کی تختی جلا دی رات کو
۔۔۔۔۔

زندہ رہنا ہے تو ہر بہروپئے کے ساتھ چل
مکر کی تیرہ فضا میں سادگی اچھی نہیں