فارغ بخاری
شاعر،ادیب صحافی اور کالم نگار 11 نومبر 1917 کو پشاور میں پیدا ہوئے۔اصل نام احمد شاہ ہے۔ صرف تیرہ سال کی عمر میں ”نوجوان بھارت سبھا“ میں شمولیت اختیار کی جن
کے رہنما بھگت سنگھ،اشفاق کاکوروی، چندر شکھر آزاد جیسے انقلابی لوگ تھے۔ انقلابی تحریکوں میں حصہ لینا اردو شاعری اور داستانیں مثلاً امیر حمزہ اور طلسم ہوشربا کا مطالعہ کرنا ان کی نوجوانی کے یہی دو مشاغل تھے۔
فارغ بخاری بنیادی طور پر شاعر اور سکالر تھے۔ انجمن ترقی پسند مصنفین کے بانیوں میں سے تھے۔ انہوں نے رضا ہمدانی کے ساتھ مل کر ماہنامہ ”سنگ میل“ جاری کیا تھا۔ پشتو زبان و ادب و ثقافت کے فروغ کے لیے بھی دونوں نے مل کر کافی کام کیا۔ اور کتابیں تصنیف کیں۔ جن میں ادیبات سرحد،پشتو لوک گیت،سرحد کے لوک گیت،پشتو شاعری اور پشتو نثر شامل ہیں۔ فارغ بخاری کی شاعری کے سات مجموعےشائع ہوئے۔
زیروبم،شیشے کےپیراہن، ،خوشبو کا سفر، پیاسے ہاتھ، غزلیہ، بچھڑا سا دل،
خان عبدالغفار خان کی سوانح عمری(ماچا خان کے نام سے لکھی۔ اپنے ہم عصروں کے شخصی خاکے”البم“ کے نام سے تحریر کیے۔ مشرقی پاکستان کا رپور تاژ ”برات عاشقاں “ کے نام سے لکھا۔ آپ کو پشتو شاعری پر حبیب بنک ادبی انعام ملا، 1993 میں
صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارگردگی عطا ہوا۔ آپ نے 14 اپریل 1997 کو وفات پائی۔
بشُکریہ کتابی دنیا
منتخب اشعار
اس لئے اب ڈوبنے کے خوف سے ہیں بے نیاز
ہم نے آغاز سفر دریاؤں کی تہہ سے کیا
۔۔۔۔۔
سفینہ ڈوب بھی جائے تو غم نہیں فارغؔ
نہ بھول کر کبھی احسان ناخدا لینا
۔۔۔۔۔
اب کون سرِ دار نظر آئے گا فارغؔ
جب اہلِ جنوں سود و زیاں تک نکل آئے
۔۔۔۔۔
چاند بن کر کون اترا ہے قبائے جسم میں
جاگ اٹھی ہیں خیال و فکر کی گہرائیاں
۔۔۔۔۔
دو گھڑی بیٹھے تھے زلف عنبریں کی چھاؤں میں
چبھ گیا کانٹا دل حسرت زدہ کے پاؤں میں

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔