پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نالہ اس شور سے کیوں میرا دہائی دیتا اے فلک گر تجھ…

نالہ اس شور سے کیوں میرا دہائی دیتا
اے فلک گر تجھے اونچا نہ سنائی دیتا
دیکھ چھوٹوں کو ہے اللہ بڑائی دیتا
آسماں آنکھ کے تل میں ہے دکھائی دیتا
لاکھ دیتا فلک آزار گوارہ تھے مگر
ایک تیرا نہ مجھے درد جدائی دیتا
دے دعا وادی پر خار جنوں کو ہر گام
داد یہ تیری ہے اے آبلہ پائی دیتا
روش اشک گرا دیں گے نظر سے اک دن
ہے ان آنکھوں سے یہی مجھ کو دکھائی دیتا
منہ سے بس کرتے کبھی یہ نہ خدا کے بندے
گر حریصوں کو خدا ساری خدائی دیتا
پنجۂ مہر کو بھی خون شفق میں ہر روز
غوطے کیا کیا ہے ترا دست حنائی دیتا
کون گھر آئینے کے آتا اگر وہ گھر میں
خاکساری سے نہ جاروب صفائی دیتا
میں ہوں وہ صید کہ پھر دام میں پھنستا جا کر
گر قفس سے مجھے صیاد رہائی دیتا
خوگر ناز ہوں کس کس کا کہ مجھے ساغر مے
بوسۂ لب نہیں بے چشم نمائی دیتا
دیکھ گر دیکھنا ہے ذوقؔ کہ وہ پردہ نشیں
دیدۂ روزن دل سے ہے دکھائی دیتا

شیخ ابراہیم ذوقؔ۔۔۔ !!


Comments

One response to “نالہ اس شور سے کیوں میرا دہائی دیتا اے فلک گر تجھ…”

  1. لاکهہ دیتا فلک آزار گواره تهے مگر
    ایک تیرا نہ مجهے دردِ جدائی دیتا

    کیا خوب کہا ہے

جواب دیں