پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

میں نے کچھ دیکھا ہے * شاعر: وِندا کرندیکر (بھارت…

میں نے کچھ دیکھا ہے
*
شاعر: وِندا کرندیکر (بھارت)
انگریزی سے اردو ترجمہ : اسد محمد خاں
*
میں نے دیکھا کوئی چیز ریزہ ریزہ ہوگئی ہے
محسوس کیا
میرے پاس وہ لفظ نہیں کہ اس وسیع
بے چارگی کو زبان دے سکیں
جو کروڑوں دماغوں میں پھٹ پڑنے کی منتظر ہے
وہ آنکھیں نہیں جو کروڑوں آنکھوں میں مچلتے
کرب کے بے چین کوندے کو تھام سکیں
بازو نہیں کہ دنیا کے اس یتیم محافظ کو گلے لگا سکیں
جو پیدائشی پناہ گزیں ہے، بد نصیب ہے، گم گشتہ ہے
کسی کونے میں پڑا بسورتا ہے
میرے لیے کوئی صلیب نہیں، کوئی صلیب نہیں
میں نے دیکھا کوئی چیز ریزہ ریزہ ہوگئی ہے

میں نے
سہ پہر میں ایک ڈراؤنا خواب دیکھا
بازار کے اندھے ہجوم
ٹین چھڑھی کھولیاں
کیڑوں بھری گلیاں
ہڈیوں کے پنجر
آنکھوں کے گڑھے
سڑتے ہوئے لوگ جن میں مرنے کی بھی سکت نہیں
دھواں دیتے ہوئے لوگ جن میں بھڑک اٹھنے کا بُوتا نہیں
واویلا کرتے ہوئے لوگ جنھیں کڑکنے کا یارا نہیں

میں نے دیکھا کوئی چیز ریزہ ریزہ ہوگئی ہے
اور اس نے مجھے اپنے ایک ہی لشکارے سے
اندھا کردیا ہے
مجھے ایڈی پس کی طرح دشت میں ہنکا دیا ہے
کہ حرامیوں کے پیچھے چلتا چلا جاؤں

میں نے محسوس کیا کہ خود میرے ذہن میں
حسب نسب کا زہریلا درخت ۔۔۔
اس کے سائے کی پھلتی ہوئی شاخیں ہیں
اور لمبی شاخیں کا بوجھ
اور وہ پھل جو پک نہیں سکتے
پھول جو جل بجھے
اور ان کے پیچھے ایک سرد مقبرہ
میں نے دیکھا
کوئی چیز ریزہ ریزہ ہوگئی ہے

مشمولہ: بارہ ہندوستانی شاعر(انتخاب و ترتیب: اجمل کمال)

بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2979763275587519