پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

موت اور زندگی ……………………… موت معین…

موت اور زندگی
………………………
موت
معین احسن جذبی
اپنی سوئی ہوئی دنیا کو جگا لوں تو چلوں
اپنے غم خانے میں اک دھوم مچا لوں تو چلوں
اور اک جام مئے تلخ چڑھا لوں تو چلوں
ابھی چلتا ہوں ذرا خود کو سنبھالوں تو چلوں
جانے کب پی تھی ابھی تک ہے مئے غم کا خمار
دھندلا دھندلا نظر آتا ہے جہان بیدار
آندھیاں چلتی ہیں، دنیا ہوئی جاتی ہے غبار
آنکھ تو مل لوں ذرا ہوش میں آ لوں تو چلوں
وہ مرا سحر وہ اعجاز کہاں ہے لانا
میری کھوئی ہوئی آواز کہاں ہے لانا
مرا ٹوٹا ہوا وہ ساز کہاں ہے لانا
اک ذرا گیت بھی اس ساز پہ گا لوں تو چلوں
میں تھکا ہارا تھا، اتنے میں جو آئے بادل
کسی متوالے نے چپکے سے بڑھا دی بوتل
اف وہ رنگین پر اسرار خیالوں کے محل
ایسے دو چار محل اور بنا لوں تو چلوں
مجھ سے کچھ کہنے کو آئی ہے مرے دل کی جلن
کیا کیا میں نے زمانے میں نہیں جس کا چلن
آنسوؤ تم نے تو بے کار بھگویا دامن
اپنے بھیگے ہوئے دامن کو سکھا لوں تو چلوں
میری آنکھوں میں ابھی تک ہے محبت کا غرور
میرے ہونٹوں کو ابھی تک ہے صداقت کا غرور
میرے ماتھے پہ ابھی تک ہے شرافت کا غرور
ایسے وہموں سے ذرا خود کو نکالوں تو چلوں
زندگی
للتا کماری
اپنے دھوۓ ہوۓ بالوں کو سکھالوں تو چلوں
اپنی ننھی کو ذرا دودھ پلالوں تو چلوں
اور نوکر پہ بھی کچھ رعب جمالوں تو چلوں
ابھی چلتی ہوں ذرا خود کو سنبھالوں تو چلوں
اور دکھلاۓ گی کیا مجھ کو یہ شب بیداری
یعنی اس وقت اندھیری ہے یہ دنیا ساری
رات جاگی ہوں تو اب تک ہیں پپوٹے بھاری
سرمہ آنکھوں میں ذرا اور لگالوں تو چلوں
وہ مرے بچے کی شلوار کہاں ہے لانا
مرے شوہر کی وہ دستار کہاں ہے لانا
وہ مری جوتی وہ پیزار کہاں ہے لانا
اک دو پان ذرا اور بنالوں تو چلوں
میں تھکی ہاری تھی اتنے میں جو ایا دھوبی
اور کم بخت نے چپکے سے بڑھادی لادی
دیکھتی کیا ہوں کہ بھیگی ہے گلابی ساڑی
اپنی بھیگی ہوئ ساڑی کو سکھالوں تو چلوں
رو رہے ہیں جو مرے لال تو رونے دو انہیں
جان کھونے پہ ہیں آمادہ تو کھونے دو انہیں
ہیں جو بے حال تو بے حال ہی ہونے دو انہیں
نظم پڑھنی ہے تجھے نظم سنالوں تو چلوں
راہ میں کار جو بگڑی تو مصیبت ہوگی
دیر ہوجاۓ گی اور مفت میں خفت ہوگی
گھر اگر دیر سے پلٹی تو قیامت ہوگی
اپنے دیور کو بھی میں ساتھ بٹھالوں تو چلوں
……………………………………………….
افکار
اکتوبر 1956ء
ہفت روز آئینہ دہلی
6 جون 1955ء
بشکریہ وسیم سیّد
…………………………..