پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مشتاق احمد نُوری کا یومِ پیدائش May 07, 1950 ٹھہ…

مشتاق احمد نُوری کا یومِ پیدائش
May 07, 1950

ٹھہر گیا مرے اشکوں کا قافلہ کب کا
میں ہو چکا ہوں ترے غم سے آشنا کب کا

اب اپنے چہرے پہ وہ تازگی نہ رونق ہے
اُتر چکا ہے ہر اک رنگِ خوش نما کب کا

بھٹکتا رہتا ہوں اب خواب کے جزیرے میں
گزر چکا ہے ان آنکھوں سے رت جگا کب کا

تمہاری یاد کی انگڑائیاں مچلتی ہیں
چلے بھی آٶ کہ ساون بھی آچکا کب کا

اب ان کا عکس اُبھرتا نہیں ہے آنکھوں میں
کہ چُور ہوگیا قربت کا آٸینہ کب کا

زمانہ ہوچکا آنکھوں میں خاک اُڑتے ہوٸے
روانہ ہوچکا اشکوں کا قافلہ کب کا

مری خموشی کسی طرح ٹوٹنے کی نہیں
لبوں میں جذب ہوا حرفِ مدّعا کب کا

تمام بکھرا ہوا ہے دبیز سنّاٹا
گزرچکا ہے صداٶں کا قافلہ کب کا

نہ جانے کب سے یہ بے برگ و بار ہے جاناں
ہمارا باغِ تمنّا اُجڑ گیا کب کا

بہت سکون ہے نوری زمیں کی پستی میں
بلندیوں کا نشہ تو اُتر چکا کب کا
……..
دُنیا نے کسوٹی پر ' تا عُمر کَسا پانی
بَنواس سے لَوٹا تو ' شعلوں پہ چلا پانی
ہر لفظ کا معنی سے ' رشتہ ہے بہت گہرا
ہم نے تو لِکھا بادل' اور اُس نے پڑھا پانی !
جنّت تھی مگر ہم کو جُھک کر نہ اٹھانی تھی
شانے پہ رہا چہرہ ' چہرے پہ رہا پانی
تن بھی نہ بچا کورا ' مَیں بھی نہ بچا کورا
اِس بار کے ساون میں ' کیا جَم کے گِرا پانی
اِک موم کے قالِب میں ' دھاگے کا سفر دُنیا
اپنے ہی گلے لگ کر ' رونے کی سزا پانی
ہر ایک سکندر کا ' انجام یہی دیکھا
مٹّی میں مِلی مٹّی ' پانی میں مِلا پانی
( مشتاق احمد نُوری )