پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مسموم ہُوا ہوں، کبھی مصلوب ہُوا ہوں سَچیار ہ…

مسموم ہُوا ہوں، کبھی مصلوب ہُوا ہوں
سَچیار ہوں، ہر عہد میں معتُوب ہُوا ہوں

اتنا بھی عَدُوّ طاق نہ تھا جنگ و جدل میں
میں اپنی غَلط چال سے مغلوب ہُوا ہوں

حق بات کا اعلان سرِ عام کروں گا
میں آج یہی سوچ کے مجذوب ہُوا ہوں

میری یہی پہچان ہے دُنیائے اَدب میں
مزدور ہوں، مزدور کا مَندوب ہُوا ہوں

کیا مجھ میں کوئی نرگسی انسان چھپا ہے
میں آپ مُحِبّ آپ ہی محبوب ہُوا ہوں

غالبؔ کی طرح سنگِ حسد پڑنے لگے ہیں
کیا میں بھی کوئی صاحبِ اسلوب ہُوا ہوں

تنویر سپراؔ

از:-لفظ کُھردرے ص ۱۱۴/۱۱۵

اِنتِخاب
سفیدپوش