مرزا داغ کے شاگرد احسن مارہروی اپنی غزل پر اصلاح کے لیئے ان کے پاس حاضر ہوئے۔
اس وقت مرزا صاحب کے پاس دو تین دوستوں کے علاوہ ان کی ملازمہ صاحب جان بھی موجود تھی۔ جب احسن نے یہ شعر پڑھا۔
کسی دن جا پڑے تھے بے خودی میں اُن کے سینے پر
بس اتنی سی خطا پر ہاتھ کچلے میرے پتھر سے
اس پر صاحب جان جو صحبت یافتہ اور حاضر دماغ تھی۔ بولی
احسن میاں! بے خودی میں بھی آپ دونوں ہاتھوں سے کام لیتے ہیں۔
اس پر سب کھلکھلا کر ہنسنے لگے اور مرزا داغ نے کہا!
لیجئے صاحب جان نے آپ کے شعر کی اصلاح کردی
کسی دن جا پڑا تھا بے خودی میں اُن کے سینے پر
بس اتنی سی خطا پر ہاتھ کچلا میرا پتھر سے
——————————————————-
” منتخب کلام ”
ادا میں بانکپن انداز میں اک آن پیدا کر
تجھے معشوق بننا ہے تو پوری شان پیدا کر
کہاں کا وصل کیسی آرزو اے دل وہ کہتے ہیں
نہ میں حسرت کروں پوری نہ تو ارمان پیدا کر
ہمارا انتخاب اچھا نہیں اے دل تو پھر تو ہی
خیال یار سے بہتر کوئی مہمان پیدا کر
مجھے ہے رشک اس کو بھی رقیب اپنا سمجھتا ہوں
نہ دیکھے جو تجھے ایسا کوئی دربان پیدا کر
خیال ضبط الفت ہے تو احسنؔ خوف پھر کیسا
نہ دھڑکے دل بھی سینے میں وہ اطمینان پیدا کر
(احسن مارہروی)
یوم وفات :-: 30 اگست 1940
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی(بھٹکلی)
جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔