محمد دین تاثیرؔ
میری وفائیں یاد کرو گے
روؤ گے فریاد کرو گے
مجھ کو تو برباد کِیا ہے
اور کِسے برباد کرو گے
محفل کی محفل ہے غم گِیں
کِس کِس کا دِل شاد کرو گے
دُشمن تک کو بُھول گئے ہو
مجھ کو تم کیا یاد کرو گے
ختم ہوئی دُشنام طرازی
یا کچھ اور اِرشاد کرو گے
جا کر بھی ناشاد کِیا تھا
آ کر بھی ناشاد کرو گے
چھوڑو بھی تاثیرؔ کی باتیں
کب تک اُس کو یاد کرو گے
المرسل: فیصل خورشید
مزید پڑھیں: محمد دین تاثیر کی غزلیں — Mohammad Deen Taseer Ghazals کی مزید غزلیں

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔