مبارک ان کو درِ نبی پر جو چند گھڑیاں گزار آئے
وہ اپنی عقبیٰ سدھار آئے وہ اپنی دنیا سنوار آئے
کرم سراپا تمام رحمت نفس مسیحا نگاہ مرہم
وہ غم زدوں کے جہاں میں لے کر پیامِ صبر و قرار آئے
سحابِ رحمت کا ہے یہ عالم کہ غیر پر بھی کرم کی بارش
نگاہ و دل میں یہ درد مندی کہ دشمنوں پر بھی پیار آئے
ہمارے دامن میں کچھ نہیں تھا جو ان کی محفل میں پیش کرتے
بس ایک جاں تھی جو نذر کر دی بس ایک دل تھا جو وار آئے
عقیلؔ صدق و صفا کا جادہ نہ ہم نے چھوڑا نہ ہم سے چھوٹا
ہماری راہوں میں زورِ باطل ہزار کیا لاکھ بار آئے
(عقیل سنبھلی)
انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی