ماحول سازگار کرو، میں نشے میں ہوں
ذکر نگاہِ یار کرو، میں نشے میں ہوں
اے گردشو! تمہیں ذرا تاخیر ہوگئی
اب میرا انتظار کرو، میں نشے میں ہوں
میں تم کو چاہتا ہوں، تمہیں پر نگاہ ہے
ایسے میں اعتبار کرو، میں نشے میں ہوں
ایسا نہ ہو کہ سخت کا ہو سخت تر جواب
یارو سنبھل کے وار کرو، میں نشے میں ہوں
اب میں حدودِ ہوش و خرد سے گزر گیا
ٹھکراؤ، چاہے پیار کرو، میں نشے میں ہوں
خود طرز جو حجاب میں ہو اس سے کیا حجاب
مجھ سے نگاہیں چار کرو، میں نشے میں ہوں
(گنیش بہاری طرز، 1932ء – 2008ء)
مزید پڑھیں: گنیش بہاری طرز کی غزلیں — Ganesh Bihari Tarz Ghazals کی مزید غزلیں
جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔