پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ماجد صدیقی کا یومِ پیدائش Jun 01, 1938 آج اردو ا…

ماجد صدیقی کا یومِ پیدائش
Jun 01, 1938

آج اردو اور پنجابی زبان کے شاعر ماجد صدیقی (چکوال) کا یومِ پیدائش ہے۔

ماجد صدیقی عصری اردو ادب کے ایک بے مثال شاعراور ادیب تھے، ان کا اپنا ایک انداز تھا جو ان کے ہم عصروں سے بالکل جدا تھا، تقریباً تین چوتھائی صدی پر محیط اپنے ادبی سفر میں انہون نے نہ صرف بےپناہ ادب تخلیق کیا، بلکہ شعبہ تدریس کے ساتھ بھی نصف صدی تک وابستہ رہے۔
ان کا قلمی نام ماجد صدّیقی اور پیدائشی نام عاشق حسین سیال تھا۔ اردو اور پنجابی کے ممتاز شاعر جن کا شمار منفرد لب و لہجے کے جدیدیت پسند اساتذہ میں ہوتا ہے۔ وہ یکم جون ۱۹۳۸ء کو ضلع چکوال کے گاؤں نور پور میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام محمد خان سیال اور والدہ کا نام اللہ رکھی تھا جو کہ خود بھی شاعرہ تھیں۔ ابتدائی تعلیم علاقائی سکولوں میں پائی اور انٹرمیڈیٹ گورنمنٹ کالج چکوال سے کیا۔
ماجد صدّیقی نے پنجاب یونیورسٹی سے پہلے بی اے اور پھر ایم اے اردو کی ڈگری ۱۹۶۲ ء میں حاصل کی۔ ضلع چکوال کے دیہی علاقوں ڈھڈیال، دھرابی اور کریالہ میں تدریسی فرائض ادا کرنے کے بعد اکتوبر ۱۹۶۴ء میں گورنمنٹ کالج فیصل آباد میں بطور لیکچرار تعینات ہو گئے۔ ستمبر ۱۹۶۶ء میں ان کا تبادلہ اٹک کالج (اس وقت کیمبل پور کالج) میں اور دو سال کے بعد تلہ گنگ میں ہو گیا۔ ستمبر ۱۹۷۳ء میں ان کی تعیناتی اصغر مال کالج راولپنڈی میں ہوئی جہاں وہ بائیس سال تک شعبۂِ اردو میں تدریسی فرائض انجام دینے کے بعد ۱۹۹۵ء میں ریٹائر ہوئے۔
آپکی وفات مارچ 19، 2015 کو ہویئ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منتخب کلام
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جس کو باوصفِ ستم اپنا کہا
اُس نے بھی اب کے ہمیں رُسوا کہا
دَمبدم ہوں ضو فشاں اُس روز سے
جب سے ماں نے مجھ کو چاند ایسا کہا
عاق ہو کر رہ گئے پل میں سبھی
پیڑ نے پتّوں سے جانے کیا کہا
برق خود آ کر اُسے نہلا گئی
جس شجر کو ہم نے تھا میلا کہا
قولِ غالب ہے کہ اُس سے قبل بھی
ایک شاعر نے سخن اچّھا کہا
اک ہماری ہی زباں تھی زشت خُو
اُس نے تو ماجد نہ کچھ بے جا کہا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آنگنوں سے چاند پھر آگے نکل جانے لگا
دیکھ سارے شہر کا نقشہ بدل جانے لگا
ہم بھلا تصویر کیا کھینچیں گرفتِ وقت کی
سانپ چڑیا کو سلامت ہی نِگل جانے لگا
دل تمّنا کے بر آنے پر ہے یُوں مسرور سا
جس طرح سِکّہ کوئی کھوٹا ہو چل جانے لگا
زور وُہ اب کے دکھایا ہے ہمیں امواج نے
تختۂ جاں تک بدن سے ہے اچھل جانے لگا
چرخ سے وُہ حدّتیں برسیں کہ اَب ایسا لگے
چاندنی سے بھی بدن جیسے ہو جل جانے لگا
چیونٹیوں سا تو بھلا درپے ہے کیوں اِس کوہ کے
کب مزاجِ دہر ہے ماجدؔ بدل جانے لگا
۔۔۔۔۔۔۔۔