پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

لکھنؤ میں ایک مشاعرہ تھا جس میں بیخود دہلوی کو بھی…

لکھنؤ میں ایک مشاعرہ تھا جس میں بیخود دہلوی کو بھی مدعو کیا گیا تھا جس میں انہوں نے ایک شعر یہ بھی پڑھا تھا

ناکامیوں میں گزری بد نامیوں میں گزری
عمرِ عزیز گزری سب خامیوں میں گزری

اتفاق سے اس میں لکھنؤ کے مایہ ناز استاد سخن مرزا محمد ہادی عزیز لکھنوی بھی موجود تھے – انہوں نے مذکورہ شعر کو اپنے اوپر حملہ سمجھا، بس پھر کیا تھا مشاعرے میں شریک تمام لوگ بیخود کو قہر آلود نظروں سے دیکھنے لگے اور جب بیخود کو معلوم ہوا کہ ان کا شعر حملہ سمجھا گیا ہے تو انہوں نے اخلاقا معذرت چاہی اور لاعلمی کا اظہار کیا – مگر معذرت قابل قبول نہ ہوئی اور اس وقت کے تمام شعرا درپردہ ان سے کینہ رکھنے لگے اور یہ کینہ عمر بھر ان کے دلوں سے دور نہ ہوا – وہ بیخود کو اپنا حریف ہی سمجھتے رہے مگر مرحوم نے جب اپنی اخلاقی معذرت کو مسترد ہوتے دیکھا تو اپنی خود اعتمادی پر پہلے سے بھی زیادہ مستقل ہو گئے – پھر تو یہ شعر ان کی ہر غزل کا پیش طرح مطلع بن گیا، جب بھی وہ کسی مشاعرے میں وہ غزل پڑھتے تو پیش طرح اشعار میں اس شعر کو ضرور پڑھتے تھے حتی کہ اسی بنیاد پر بعض نے تو ان سے مقاطعہ بھی کر لیا تھا، جہاں وہ جاتے بیخود کو مدعو ہی نہ کیا جاتا اور جہاں بیخود ہوتے وہاں جانے سے وہ خود بھی محترز ہوتے—–))

” منتخب کلام ”

نہ ارماں بن کے آتے ہیں نہ حسرت بن کے آتے ہیں
شبِ وعدہ وہ دل میں دردِ فرقت بن کے آتے ہیں

پریشاں زلف، منہ اترا ہوا، محجوب سی آنکھیں
وہ بزمِ غیر سے عاشق کی صورت بن کے آتے ہیں

بنے ہیں شیخ صاحب نقلِ مجلس بزمِ رنداں میں
جہاں تشریف لے جاتے ہیں حضرت بن کے آتے ہیں

نہ رکھنا ہم سے کچھ مطلب یہ پہلی شرط ہے ان کی
وہ جس کے پاس آتے ہیں امانت بن کے آتے ہیں

ستم کی خواہشیں بیخود غضب کی آرزوئیں ہیں
جوانی کے یہ دن شاید مصیبت بن کے آتے ہیں

(بیخود دہلوی)
استاد داغ دہلوی کے شاگرد تھے

انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی (نشر مکرر)