پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فیصلہ ہاں ، نہیں پہ چھوڑ گیا وہ تو سب کچھ …

فیصلہ ہاں ، نہیں پہ چھوڑ گیا
وہ تو سب کچھ ہمیں پہ چھوڑ گیا

کچھ دنوں دل میں کیا رہا وہ غزال
ساری وحشت یہیں پہ چھوڑ گیا

کیا عجب تھا وہ دور کا منظر
نقش سا دُوربیں پہ چھوڑ گیا

جانے کیا سوچ کر ستارہ ساز
کچھ ستارے زمیں پہ چھوڑ گیا

آستیں چھوڑ تو گیا وہ سانپ
پر نشاں آستیں پہ چھوڑ گیا

کاشف حسین غائرؔ

از:-کہاں جائے گی تنہائی ہماری

اِنتِخاب
سفیدپوش