پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

( غیر مطبوعہ ) کوئی پوچھے اگر اُداسی کا آئنے میں …

( غیر مطبوعہ )

کوئی پوچھے اگر اُداسی کا
آئنے میں ہے گھر اداسی کا

نور افشاں ہوئی تمہاری یاد
چمک اٹّھا گہَر اداسی کا

راستے نے کہا مسافر سے
زندگی ہے سفر اداسی کا

یہ جو خوش بُو بھری ہے لفظوں میں
یہ ہے زخمِ ہنر اداسی کا

دل دریچے میں پھول رکھتا ہے
کس کی خاطر شجر اداسی کا

ریزہ ریزہ ہُوا دلِ وَحشی
دیکھ کر’ سنگِ در اداسی کا

ہو رہے گا تمہارے دل پر بھی
رفتہ رفتہ اثر اداسی کا

پھول بن کر مہَک اٹھا ‘ خورشیدؔ !
آئنے میں شرراداسی کا

( خُورشیدؔ ربّانی )