پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

( غیر مطبوعہ ) وہ میرے ذہن پہ اِتنا سوار ہو گیا ت…

( غیر مطبوعہ )

وہ میرے ذہن پہ اِتنا سوار ہو گیا تھا
مَیں کم سِنی میں جنُوں کا شکار ہو گیا تھا

کرے گا کون تِری وُسعَتوں کا اندازہ
جو ہم کنار ہُوا ' بے کنار ہو گیا تھا

تمام عُمر پھر اپنی تلاش میں گزری
مَیں اپنے آپ سے اِک دن فرار ہو گیا تھا

مِلی تھی ماں کی غلامی سے یہ سَر اَفرازی
کہ بادشاہوں میں میرا شمار ہو گیا تھا

مجھے گَنوا کے ' لیا دل نے سُوجھ بُوجھ سے کام
فضول خرچ ' کفایت شعار ہو گیا تھا

ہُوئے ہیں غَصب ' یقیناّ پڑوسیوں کے حقوق
یہ شہر ' ورنہ عبادت گذار ہو گیا تھا

بھٹک رہا تھا کوئی سَر پھری ہَواؤں میں
پھر اُس کے بعد ' سِپُرد ِ غُبار ہو گیا تھا

مجھے بھی اچّھے بُرے کی شناخت ہو گئی تھی
نسِیم ! جن دنوں بے روز گار ہو گیا تھا

( نسِیم عبّاسی )