( غیر مطبوعہ )
دل دھڑکتا ہے مَحبت میں سبب سے آگے
یعنی اِس کام میں یہ پُرزہ ہے سب سے آگے
اتنے سستے میں کہاں عشق مکمل ہو گا
مرحلے اور بھی آئیں گے غضب سے آگے
میں نے رفتار بڑھا لی ہے سرِ راہِ عدم
مجھ سے احباب مِرے نکلے ہیں جب سے آگے
یہ جو اک خواب ہے آنکھوں میں دھواں ہوتا ہوا
میں اسی خواب میں موجود ہوں سب سے آگے
آئنہ دیکھ کر اُس شوخ نے یہ حکم دیا
یہی صورت نظر آئے مجھے اب سے آگے
ایک سَو ایک مہَکتے ہوئے پھولوں کی قسَم
باغِ فردوس کُھلا دشتِ عرب سے آگے
اِس لیے اصلِ تعلق نہیں کُھلتا ان پر
لوگ جاتے نہیں آداب و ادب سے آگے
تھپتھپاتا ہے مری پیٹھ کو دستِ غیبی
میں نکل جاتا ہوں خواہش میں طلب سے آگے
نام سیّام کی حد پار نہیں کر سکتا
خود فریبی کی حکومت ہے نسب سے آگے
گو کہ تصویر مکمّل نہیں ہوتی آزرؔ !
کون جاتا ہے مگر عارض و لب سے آگے
( دِلاور علی آزر ؔ )
— with Dilawar Ali Aazar.

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔