غنچے غنچے پہ گلستاں کے نکھار آ جائے
جس طرف سے وہ گزر جائیں بہار آ جائے
ہر نفس حشر بداماں ہے جنونِ غم میں جب
کس طرح اہلِ محبّت کو قرار آ جائے؟
وہ کوئی جام پلا دیں تو نہ جانے کیا ہو؟
جن کے دیکھے ہی سے آنکھوں میں خمار آ جائے
غیر ہی سے سہی، پیہم یہ کدورت کیوں ہو؟
کہیں آئینۂ دل پر نہ غبار آ جائے
کچھ اِس انداز سے ہے حُسن پشیمانِ جفا
کوئی مایوسِ وفا دیکھے تو پیار آ جائے
نازؔ گھر سے لئے جاتا ہے سُوئے دشت مجھے
وہ جنوں جس سے بیاباں کو بھی عار آ جائے
(نازؔ مرادآبادی)
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی
جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔