غم اب جنوں کا تابع فرماں نہیں رہا
پابستۂ قیودِ گریباں نہیں رہا
اک ابر اور ابر میں طوفانِ برق و باد
آب آشیاں رہا تو گلستاں نہیں رہا
اس حد پہ ہے جو کفر تو اب کیا کہوں اسے
عصیاں مری نگاہ میں عصیاں نہیں رہا
اف رے دلِ حزیں کو مٹا اور یوں مٹا
اک قطرہ خون بھی سرِ پیکاں نہیں رہا
یہ میری محویت کے لۓ ایک بات ہے
جس وقت چاہا عالمِ امکاں نہیں رہا
عہدِ وفا میں میرے لۓ اک گناہ تھی
وہ توبہ جس کے بعد پشیماں نہیں رہا
جو مجھ سے ہو سکا وہ کسی سے نہ ہو سکا
آئینہ میری طرح سے حیراں نہیں رہا
اس منظرِ جمال کو سمجھوں گا میں جمال
جب دل کہے کہ اب مجھے ارماں نہیں رہا
شوکت وہ جانتا ہے خلش ہاۓ غیر کو
جس کے خیال میں بھی گلستاں نہیں رہا
شوکت تھانوی

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔