علامہ اقبال کی ذیل کی تحریر کو پوفیسر ڈاکٹر تحسین فراقی نے نثری نعت قرار دیا ہے ۔
'' اب ساحل قریب آتا جاتا ہے اور چند گھنٹوں میں ہمارا جہاز عدن جا پہنچے گا ۔ ساحلِ عرب کے تصور نے جو ذوق و شوق اس وقت دل میں ہیدا کردیا ہے اس کی داستان کیا عرض کروں بس دل یہی چاہتا ہے کہ زیارت سے اپنی آنکھوں کو منور کروں
اللہ رے خاکِ پاکِ مدینہ کی آبرو
خورشید بھی گیا تو ادھر سر کے بل گیا
—————————————-
' اے عرب کی مقدس سر زمین ، تجھ کو مبارک ہو ! تو ایک پتھر تھی جس کو دنیا کے معماروں نے رد کردیا تھا مگر ایک یتیم بچے نے خدا جانے تجھ پہ کیا افسون پڑہ دیا کہ موجودہ دنیا کی تہذیب و تمدن کی بنیاد تجھ پر رکھی گئ ! باغ کے مالک نے اپنے ملازموں کو مالیوں کے پاس پھل کا حصہ لینے کے لۓ بھیجا لیکن مالیوں نے ہمیشہ ملازموں کو مار پیٹ کے باغ سے باہر نکال دیا اور مالک کے حقوق کی کچھ پرواہ نہ کی ۔ مگر اے پاک سر زمین ، تو وہ جگہ ہے جہاں سے باغ کے مالک نے خود ظہور کیا تاکہ گستاخ مالیوں کو باغ سے نکال کر پھولوں کو ان کے نا مسعود پنچوں سے آزاد کرے ۔ تیرے ریگستانوں نے ہزاروں مقدس نقشِ قدم دیکھے ہیں ۔ اور تیری کھجوروں کے ساۓ نے ہزاروں ولیوں اور سلیمانوں کو تمازتِ آفتاب سے محفوظ رکھا کاش میرے بد کردار جسم کی خاک تیرے ریت کے زروں میں مل کر تیرے بیابانوں میں اڑتی پھرے اور یہی آوارگی میری زندگی کے تاریک دنوں کا کفارہ ہو ! کاش میں تیرے صحراؤں میں لٹ جاؤں اور دنیا کے تمام سامانوں سے آزاد ہوکر تیری تیز دھوپ میں جلتا ہوا اور پاؤں کے آبلوں کی پروا نہ کرتا ہوا اس پاک سر زمیں میں جا پہنچوں جہاں کی گلیوں میں بلال کی عاشقانہ آواز گونجتی تھی ۔
————————————–
از عدن مورخہ 24 سپٹمبر 1905ء راقم محمد اقبال
یہ خط مولوی انشا اللہ خان ( 1928 – 1870)
کے نام ہے جو اقبال کے بے تکلف دوست تھے اور اخبار ' وطن ' کے ایڈیٹر تھے
اردو نعت کا ہیئتی مطالعہ
مقالہ پنجاب یونیورسٹی
افضال احمد انور
جستجو پوفیسر ڈاکٹر تحسین فراقی
مکتوباتِ اقبال جلد اول برنی
…….
بشکریہ وسیم سیّد

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔