پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عشقِ ناتمام وہ زندگی عجیب تھی نہ ہجر تھا نہ وصل …

عشقِ ناتمام

وہ زندگی عجیب تھی نہ ہجر تھا نہ وصل تھا
کہ دو دلوں کا مسئلہ نزاعِ عشق و عقل تھا

مرا عقیدہ یہ کہ ضبط شوق کی حیات ہے
تمہارا عقیدہ کہ عشق صرف حبِ ذات ہے

مرے طریقِ عاشقی میں عرضِ مدعا غلط
تمھاری شرعِ حسن میں نمائشِ ادا غلط

خیال دونوں کا ہی یہ کہ شُورشِ دروں غلط
تپش غلط، کشش غلط، فسوں غلط، جنوں غلط

مجھے گماں کہ سوزِ عشق، روح کا زوال ہے
انانیت کا ضعف ہے خودی کا انفعال ہے

تمہیں گماں کہ عشق اور نسائیت میں راہ ہے
کھنچے جدھر کو دل ادھر نگاہ بھی گناہ ہے

مجھے یہ وہم دل سے دور ہوگی پاس آکے تم
مآل سوچتی رہیں قدم بڑھا بڑھا کے تم

نتیجہ یہ ہوا کہ شوق پا سکا نہ کھو سکا
تمہیں وفا نہ آ سکی مجھے جنوں نہ ہو سکا

(جمیل مظہری)

المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی