پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

**عالمی ادب کے اردو تراجم (انتخاب افسانہ)** **افسانہ نمبر 585 : اُمِ شاکر** **…

**عالمی ادب کے اردو تراجم (انتخاب افسانہ)**

**افسانہ نمبر 585 : اُمِ شاکر**

**افسانہ نگار : دیب عابدی (فلسطین)**

**مترجم : ڈاکٹرافتخارشفیع (ساہیوال)**

پچاس سالہ امِ شاکر کو شادی کے سات سال بعد ہی بیوگی کادکھ مل گیاتھا۔ اس کے شوہرنے اپنے بعد تین بچے چھوڑے تھے۔خدیجہ،شاکراورفاصل۔وہ اس عمرمیں بھی ایک خوب صورت اورجوان عورت تھی۔اس کے قریبی رشتے داروں اور دوستوں نے اسےدوسری شادی کا مشورہ دیا۔یہ پہاڑ جیسی زندگی کیسے گزرے گی؟۔کچھ مردوں نےا س کے لیے رشتے کاپیغام بھی بھیجا؛ لیکن ام شاکر نے بڑے آرام سے انھیں ٹھکرا دیا۔” چاہے کسی تیل کے کنوؤں کے کروڑپتی مالک کارشتہ بھی آجائے، میں اپنے مرنے والے شوہرکی جدائی کے غم میں تمام عمر گزاردوں گی۔دوسری شادی نہیں کروں گی“۔اس نے خود سے عہدکیا۔وہ اپنے یتیم بچوں کے ساتھ مطمئن تھی اور ہرقیمت پر شاہانہ طریقے سے ان کی پرورش کرناچاہتی تھی۔ اس کاشوہر قابل ذکر جائیداد چھوڑ کرنہیں مرا تھا،جب فاقہ کشی تک نوبت آن پہنچی تو اس نے امیرکبیر لوگوں کے گھروں میں کام کاج کرناشروع کردیا۔صبح سے لے کرشام تک گھرسے باہر رہتی۔بعض اوقات اسے زندگی کی ان مشکلات پر رونا بھی آتا،اپنی بدقسمتی کااحساس ہوتا لیکن اسے قدرت کی طرف سے صبراورقناعت پسندی کی دولت ملی ہوئی تھی،اوروہ اللہ کی رضاپرراضی تھی۔

”اللہ کے سواکوئی کارساز نہیں،میں ہرحال میں اس کا شکربجالاؤں گی“

اس کے ننھے منے بچے ہی اس کی امیدوں کا واحدمرکزتھے۔ ان کے مستقبل کےبارے میں سوچتے ہوئے اسے ایک عجیب قسم کی راحت محسوس ہوتی۔زندگی کاہرلمحہ اس کے لیے نت نئے تجربات لے کر سامنے آن کھڑا ہوتا، ہر روز ایک نیاچیلنج،نئی آزمائش۔ وہ خاموشی سے اس کو”یومِ سیاہ“ کے طورپرمنانے لگ جاتی۔ ایک دفعہ وہ بیمارپڑگئی،اسے کئی دن تک بسترپررہناپڑا۔کَس مپرسی کے عالم میں کسی بھی عزیز رشتہ داریا پڑوسی نے اس کاحال تک نہ پوچھا۔وہ اور اس کےبچے بیماری اوربھوک کی وجہ سے موت کے منہ تک جاپہنچے۔زندگی کا ہر نیا دن آتا اور اسے دکھ دے کر رخصت ہوجاتا۔ آئے روز ایک نیاتجربہ۔اس کی بڑی بیٹی خدیجہ جوان ہوچکی تھی۔اس نے آٹھ جماعتیں پاس کرلی تھیں،وہ دیکھنے میں ایک خوب صورت اورجوان عورت لگتی تھی۔خدیجہ گھرکے کام کاج میں اپنی ماں کاہاتھ بٹاتی۔گھرمیں اس عمرکی بیٹیاں ہوں توماں باپ کی نیندیں اڑجاتی ہیں۔ امِ شاکربیٹی کی شادی کے لیے کسی مناسب رشتے کے انتظارمیں تھی۔اس کی قسمت اچھی تھی،جلدہی اس کے لیے ایک مناسب رشتہ آیا اورسادہ سےاندازمیں نکاح اوررخصتی انجام پاگئی۔ام ِ شاکرکے سرسے جیسے ذمہ داری کاایک بھاری بوجھ اترگیا،اب اس کی توجہ کارُخ شاکر اورفاصل کی طرف تھا۔وقت پرلگاکراڑتارہا۔ایک دن اسے ایک خوش خبری ملی،اس کے بیٹے شاکرکی تعلیم مکمل ہوگئی تھی۔اب زندگی کے دکھ دور ہونے والے تھے۔ شاکر ڈگری لےکرگھرآیا توخوشی کے مارے ام شاکرکے پاؤں زمین پرنہیں ٹک رہے تھے،ماں خوش تھی کہ اس کابیٹا اب ملازمت کے لائق ہوگیاہے۔ خاوندکی وفات کے بعدآج اس نے پہلی دفعہ سکھ کی سانس لی تھی۔ اسے پہلےدفعہ محسوس ہوا کہ گھرکی تمام چیزیں اب پرانی ہوچکی ہیں۔صوفے، الماری،بستراور بہت سی دوسری ضروریات کی اشیا،سب کچھ اب استعمال کے قابل نہیں رہا تھا۔شوہرکی وفات کے بعد زندگی کے سارے نقش دھندلے ہوگئے تھے۔اچانک اسکی نظرکمرے کی دائیں طرف دیوار پرلٹکی اپنے شوہرکی تصویرپر جا کراٹک گئی۔اس کے دل کے نہاں خانے سے دعائیہ انداز میں چند اداس سے الفاظ نکلےاور چندآنسو بے اختیار آنکھوں سے ٹپک پڑے۔تصویرکے سیاہ فریم سے سیاہی نکل کرچاروں طرف پھیل گئی۔اس نے گھرکے نیم تاریکی اوراوربھی تاریک کردیابنادیا۔آج امِ شاکر سچ مچ اداس تھی۔ابوشاکر تم کہاں چلے گئے؟کتنے بے وفاتھے تم۔یہ بھی نہ سوچا تمھارے بعدمیں کتنی اکیلی رہ جاؤں گی۔کاش تم اپنےبیٹے کی کامیابی دیکھ سکتے۔دیکھو!آج اس نے سب سے اعلیٰ ڈگری حاصل کرلی ہے۔وہ مرحوم شوہر کی تصویر سے یونہی کچھ دیر باتیں کرتی رہی،اورپھرکچھ سوچ کر اپنے آنسو پونچھ لیے۔شاکرکی تعلیم مکمل ہوچکی تھی،اس نے نوکری کے لیے مختلف جگہوں پراپلائی کیاتھا،کافی عرصہ گزرجانے کے باوجود وہ ابھی تک بے روزگارتھا۔اس صورت حال نے اسے خاصا مایوس کردیاتھا۔اس کے سارے خواب ایک چھناکے کے ساتھ ٹوٹ گئےتھے۔ماں لوگوں کے گھروں میں کام کرتی اوروہ دیکھ دیکھ کر کڑھتارہتا۔رات کے تقریباً آٹھ بج رہے تھے،وہ کمرے میں کھڑکی کے ساتھ سرجھکائے بیٹھاتھا،اس نے کھڑکی کھول کر باہر گلی کی طرف جھانکا تواسے تاریکی کی علاوہ اورکچھ نہ دکھائی دیا۔یہ منظر دیکھ کروہ اوربھی اداس ہوگیا:”ںآخر میں کب اپنی بوڑھی والدہ کے کام آسکوں گا“ وہ بربڑایا ایک رات ہرطرف سے مایوس ہوکر وہ شہرکی گلیوں میں آوارہ گردی کے لیے نکل آیا۔ سڑکوں پرتیزر فتار گاڑیاں شورمچاتے ہوئے گزررہی تھیں، فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کاہجوم تھا۔وہ بھی اپنی منزل سے بے خبرچلتاجارہا تھا۔ زندگی کے دکھ بھرےواقعات کی فلم بڑی تیزی سے اس کی آنکھوں کے سامنے چل رہی تھی۔وہ بڑے غورسے ایک ایک پل کے بارے میں سوچ رہاتھا۔ اس کی زندگی غموں اورقربانیوں کی مثالوں سے بھری پڑی تھی۔”جب کوئی کام ہی میسر نہیں؛تو کیافائدہ ان ڈگریوں کا“ اس نے سوچا اور اداس ہوگیا۔ماں اپنے بیٹے کی بے روزگاری دیکھتی تواس کے منہ سے آہ نکل جاتی۔ایک دن دونوں ماں بیٹا گھرمیں موجودتھے کہ دروازے پردستک ہوئی،اس نے دروازہ کھول کردیکھا توباہر ابونائف کھڑاتھا۔شاکرکے مرحوم والدکا پرانا دوست۔ ”تشریف آوری کاشکریہ۔مرحبا !! ابو نائف! اندرآجائیں!“کچھ دیرادھرادھر کی باتیں ہوئیں،پھر ابو نائف نے اپنا گلا صاف کیا اورکہا:”شاکر کیاتمھیں کوئی ملازمت مل گئی ہے؟“”نہیں ابھی تک انتظار ہی کررہا ہوں چچا جان“شاکرنے مسکراکرجواب دیا۔”شاکربیٹا!جب تک کوئی اچھی ملازمت نہیں مل جاتی،تمھیں اپنی ماں اوربھائی کی خاطرکوئی چھوٹاموٹا کام شروع کرلیناچاہیے“۔ابونائف کچھ کہتے کہتے رکا۔اس نے جیب میں سے سگریٹ کی ڈبی نکالی اوراس میں سے ایک سگریٹ نکال کر اسے سلگاتے ہوئے بولا:”میرامشورہ ہے کہ جب تک کوئی مناسب کام نہیں ملتا،تم باغ میں سیب اورکیلےوغیرہ کی پیکنگ کا کام شروع کرلو۔کچھ نہ کچھ آمدن توہوہی جایاکرے گی“شاکرنے تھوڑی دیرغور کیا،اس نے اپنی ماں کے بوڑھے چہرے کی طرف دیکھا اورکام پرجانے کی ہامی بھرلی۔کچھ دنوں کے بعدہی اس نے کام پرجاناشروع کردیا۔یہ کام اس کی مرضی کے مطابق تونہیں تھالیکن مشکل حالات سےمجبورہوکراسے یہ سب کچھ کرناتھا۔اپنی ماں اوربھائی کے لیے۔جلدہی اسےمحسوس ہواکہ وہ اندر سے ٹوٹ سا گیاہے۔”کیامیں نے اتنی بڑی ڈگری اس لیے لی تھی کہ باغ میں مزدوری کروں“ایک رات وہ کام سے فارغ ہوکر بس اسٹاپ پرگھر جانے والی گاڑی کاانتظارکررہاتھا۔اچانک پولیس کی ایک وین اس کے پاس آکررکی۔اس میں سے ایک اہل کار باہر نکلا۔وہ تیزی سے شاکرکے پاس آیااور اس سے پوچھا:”تمھاراشناختی کارڈکہاں ہے؟“شاکر نے اپناشناختی کارڈ نکال کر افسر کودے دیا۔ اس نے بڑے غور سے شناختی کارڈ دیکھا اورپوچھا:”تمھارا اجازت نامہ؟“شاکر کاچہرہ سیاہ پڑگیا۔”آپ کواجازت نامہ کیوں درکار ہے؟“وہ بس اتناکِہ سکا”تمھیں معلوم نہیں اس علاقے میں عرب شہریوں کو بغیراجازت نامے کے آنے کی اجازت نہیں ہے“۔ اس نے شاکرکوپاس ہی کھڑی پولیس کی وین میں بیٹھنے کا اشارہ کیا۔غیرقانونی داخلے کے الزام میں شاکرکوتمام رات پولیس اسٹیشن میں گزارناپڑی۔صبح اس نےضمانت کی رقم اداکی اوررہاہوکر گھرپہنچا۔ وہ ایک بار پھربے روزگار ہوگیاتھا کیوں کہ اسے اسرائیلی علاقے میں داخل ہوکر مزدوری کرنے کے لیے اجازت نامہ نہیں مل سکاتھا۔وہ حالات سے مایوس ہوچکاتھا۔ایک رات اس نے اپنے کپڑے اتارے،ایک پرانا ساپاجامہ پہنااوراپنے آپ کو کمبل میں ڈھانپ لیا،بالکل جیسے پرندے اپنے اپنےگھونسلوں میں خودکوگرم کرتے ہیں۔یہ صورت حال اس کی ماں کے لیے خاصی پریشان کن تھی۔کوئی ایک لفظ بھی نہ بولا۔ایک پراسرار سی خاموشی چاروں طرف پھیلی ہوئی تھی۔ماں جو اس سے پہلے ہمیشہ اس کی حوصلہ افزائی کرتی تھی، آج بالکل خاموش تھی۔وہ جانتی تھی کہ اگراس کی زبان پردل جوئی کا ایک لفظ بھی آیا تو وہ اپنے آنسو روک نہیں پائے گی۔ایک دن شاکر نے بسترپرلیٹے لیٹے اچانک کچھ سوچا، اب وہ خیالوں کی ان الجھنوں کو مکمل طورپررد کردینا چاہتاتھا۔اس نے خود سے سوال کیا:”اب میں پچیس سال کا ہوگیاہوں،میں آخرمیں کس بات کاانتظارکررہاہوں،اگریہاں ملازمت نہیں ملی توکیا ہوا، اللہ کی اتنی بڑی دنیاہے،میں کہیں بھی جاکرقسمت آزمائی کرسکتاہوں۔نہیں،نہیں میں اپنا گھریوں آسانی سے تباہ نہیں ہونے دوں گا،میں یورپ جاؤں گا،جہاں اس سے پہلےمیرے بہت سے دوست جاچکے ہیں“اس کے خیال میں جرمنی جانا مناسب تھا،وہاں کم ازکم وہ اس امتیازی سلوک سےبچ کراپنے کیرئیر کا آغازکرسکتاتھا۔”چاہے کچھ بھی ہومیں ہرصورت میں جرمنی جاؤں گا۔“اس نے دل ہی دل میں اپنے آپ سے عہدکیا۔رات کی تاریکی میں ایک بحری جہازکی وسل بجی،شاکرکی آنکھوں میں سے آنسونکل کرپلکوں پر آکر اٹک سے گئے۔اس نے ذہنی طور پر خود کو نقل مکانی کے لیےتیارکرلیاتھا۔اس کی ماں کواس کے ارادوں کا علم اس کی روانگی کے صرف دودن پہلے ہوسکا،وہ خاموش رہنے کے علاوہ اورکرہی کیاسکتی تھی۔اس نے ماں کوبتایا کہ وہ جرمنی میں اپنی محنت سے خوب کمائی کرے گا،اور چندسالوں بعد گھرلوٹ آئےگا۔شاکرکوجرمنی گئے ہوئے کئی سال گزرگئے، ام شاکر بڑھاپے اوربیماری سےشکست کھاکربسترپرجالگی تھی۔فاصل نے محسوس کیاکہ ماں کوبیٹے کی جدائی کاغم کھاگیاہے۔ماں اب ایک زندہ لاش کی طرح تھی،بس اپنے بیٹے کی واپسی کےانتظار میں اس کا دل دھڑک رہاتھا۔فاصل گھرکاچولھا گرم رکھنے کے لیےمعمولی سی تعلیم حاصل کرنے کے بعدسکول کوخیربادکِہ چکاتھا۔ایک دن اچانک فاصل کے نام یورپ سے بڑے بھائی کا خط آیا۔وہ اپنی ماں کویہ خط سنانے لگا۔ماں بڑے غور کے ساتھ پردیس گئے بیٹے کا خط سن رہی تھی۔اس کی آنکھوں میں آنسو تھے۔خط میں شاکرنے ایک مہینے بعد واپس آنے کا لکھاتھا۔”ماں! شاکرایک مہینے کے بعدواپس گھر آرہاہے“۔یہ کِہہ کراس نے ماں کے چہرےکی طرف دیکھا۔اس کے چہرے پرایک عجیب سی مسکراہٹ تھی۔”اللہ نے چاہاتوہم اسے ایک دفعہ ضرور دیکھیں گے“وہ بس اتنا کِہہ سکی جیسے ہی اس نے یہ جملہ بولا،اس پرکھانسی کا اتناشدید حملہ ہوا کہ وہ سرسے لے کر پاؤں تک لرزکررہ گئی۔ اس کی آنکھیں بندہوگئی تھیں،شایدوہ بے ہوش ہوچکی تھی،کچھ دیربعد اس نے جنبش لی اور ناقابل فہم الفاظ میں کچھ بڑبڑاتے ہوئے دوبارہ ہوش میں آگئی۔

(انگریزی سے اردو ترجمہ)

انگریزی میں عنوان:

مصنف کا تعارف:

دیب عابدی(Deeb Abidi)

دیب عابدی(Deeb Abidi)1939ء میں فلسطین کے شہر رام اللہ میں پیدا ہوئے۔ان کےوالد مقامی سیاست میں خاصے سرگرم تھے۔دیب عابدی کے بچپن ہی سے علمی و ادبی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کردیاتھا۔ان کی ابتدائی تعلیم کے بارے میں زیادہ معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔دیب عابدی کے دو افسانوی مجموعے منظرعام پرآئے۔دیب کی کہانیوں میں گھریلو زندگی کے چھوٹے موٹے واقعات موضوع بنتےہیں۔ان عام سے موضوعات کی مددسے وہ اہم نتائج اخذ کرلیتے ہیں۔دیب عابدی نے کہانی کے علاوہ تھیٹر کے فروغ میں بھی اہم کرداراداکیا۔انھوں نے اپنی تحریروں میں فلسطینی عرب کلچرکومتعارف کروانے کی کوشش کی ہے۔ان کی کہانیوں میں زندگی کے بے رحم پہلوؤں کی عکاسی کے ساتھ ساتھ جہدمسلسل کا پیغام بھی ملتاہے۔

***

ماخذ: فلسطین کی منتخب کہانیاں

مترجم : محمدافتخارشفیع

اکادمی ادبیات پاکستان اسلام آباد

بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/3871663689730802


Comments

One response to “**عالمی ادب کے اردو تراجم (انتخاب افسانہ)** **افسانہ نمبر 585 : اُمِ شاکر** **…”

  1. یاسر حبیب صاحب
    آپ کابہت شکریہ