**عالمی ادب کے اردو تراجم (انتخاب افسانہ)**
**افسانہ نمبر 583: عشائیہ**
**افسانہ نگار : جولین فاکس (برازیل)**
**مترجم : محمد فیصل (کراچی)**
دروازے کی گھنٹی بجانے والابرنارڈو ایک مضبوط جثے اور خوب صورت چہرے کا مالک تھا۔ اس کے چہرے پر بے حد سنجیدگی تھی اور وہ خاموشی سے دروازہ کھُلنے کا انتظار کررہا تھا۔ اس کے چہرے کے تاثرات اس کے اندر کے اضطراب کو بخوبی چھپائے ہوئے تھے۔ اس بڑے جثے کے اندر وہ ایک سہما ہوا لڑکا تھا جس کو ان دیکھے خوف نے گھیرا ہوا تھا۔ ہر آن اسے یہی محسوس ہوتا کہ ابھی اسے گرفتار کر کے دوبارہ اس اذیت خانے میں لے جائیں گے جہاں اس کے والد کو اذیتیں دے کر مار دیا گیا تھا۔ دروازہ کھُلا اور اس کی خالہ نے اسے گلے لگا لیا۔ اس کی خالہ کے چہرے پر عجیب سا تحکم تھا اور ان کے سکنات سے عنان گیری ظاہر تھی۔ خالہ نے اسے اندر آنے کا اشارہ کیا۔ وہ اندر داخل ہوا۔
"ہیلو آنٹی! آپ کیسی ہیں؟”
اس نے اندر داخل ہو کر منہ کھولا مگر اس کی آواز اور جذبات کا تضاد اتنا واضح تھا کہ اسے افسوس ہونے لگا کہ وہ بولا ہی کیوں۔ اس نے ہاتھ میں پکڑی وائن کی بوتل اپنی خالہ کو پکڑائی جو انھوں نے ایک میز پر دھر دی۔ وہاں پہلے ہی بہت سی بوتلیں رکھی ہوئی تھیں۔ اس کی خالہ نے اسے صوفے پر بیٹھنے کا اشارہ کیا۔ یہ صوفہ بچپن میں اس کے لیے شجرِ ممنوعہ تھا کہ یہاں صرف بڑے بیٹھ سکتے تھے۔
"کیا میں یہاں بیٹھ سکتا ہوں!”
اس نے سوال کیا اور دوبارہ افسوس کرنے لگا۔ اس کی خالہ کی حاکمانہ شخصیت کے سامنے اس کا اعتماد کہیں غائب ہو گیا۔ خالہ نے صرف سر ہلایا اور وہ صوفے پر جیسے گر سا گیا۔
"آپ کے بچے، پوتے پوتیاں وغیرہ نہیں آئیں گے؟”
"نہیں۔” خالہ کی آواز میں حیرانی تھی” ان کی کیا ضرورت ہے؟”
"میرے کزن آج کل کیا کر رہے ہیں؟”
کچھ نہ کچھ کر ہی رہے ہیں۔
خالہ نے اتنی قطعیت سے کہا کہ اس نے دوبارہ پھر کوئی سوال نہ کیابس اتنا کہہ کر رہ گیا۔
اگر ان سے ملاقات ہو تو میرا سلام کہہ دیجیے گا۔
"تمھیں بیونس آئرس کیسا لگا؟” خالہ نے اس کی بات سنی ان سنی کرتے ہوئےپوچھا۔
"مجھے تو یہ ہمیشہ سے ایک جیسا لگتا ہے۔ساری عمارتیں، ساری سڑکیں، سارے کیفے ویسے ہی دکھائی دیتے ہیں جیسے بیس برس قبل ہم نے انھیں دیکھا تھا۔مجھے تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اس شہر میں وقت رُکا ہوا ہے۔”
وہ یہ بول تو گیا مگر اسے پتا تھا کہ خالہ ابھی اس کی دھجیاں اڑائیں گی۔ یہ ان کا شہر تھا جہاں وہ ایک عرصہ تک حکمران جماعت کی اہم رہ نما رہی تھیں۔
"ہوں! تم کچھ زیادہ ہی تعریف کر گئے۔ کاش ہمارے لیڈر اس شہر کو سنبھالنے کی بجائے وہ اقدار بچاتے جس کی بدولت ہم نے اس ملک کا نام روشن کیا۔ تمھیں پتا ہے نا میں اس عورت کی بات کر رہی ہوں جو عنان اقتدار سنبھالے ہوئے ہے۔وہ اور اس خاوند چن چن کر ہم سے ، اس ملک کے غریب عوام سے بدلے لے رہے ہیں۔ تمھیں کیا پتا میں نے اپنی جدوجہد، اپنے کارناموں کی کتنی بڑی قیمت چکائی ہے۔ مجھ پر اور میرے بیٹوں پر پچاس مقدمے قائم ہوئے، تمھارے خالو اس وقت جیل میں سڑ رہے ہیں۔ پتا نہیں اس ملک کا کیا ہوگا؟”
خالہ جیسے بہت عرصے سے بھری بیٹھی تھیں۔ برنارڈو ان کے غصے کی وجہ سمجھ سکتا تھا۔ وہ جس عورت کی بات کر رہی تھیں کبھی اس کی جگہ خالہ حکومت کر تی تھیں۔ اس وقت ان کے مخالفین کے بھی ایسے ہی جذبات ہوتے ہوں گے۔ وہ خاموشی سےان کے چہرے کو غور سے دیکھتا رہا جس میں اسے اپنی والدہ کی شباہت دکھائی دے رہی تھی۔ خالہ کے چہرے پر غصہ تھا اور حکمرانی چھوڑنے کے بعد کی زندگی کی سختی ان کے چہرے پر عیاں تھیں۔ وہ سر جھکائے بیٹھا رہا۔
کمرے میں اچانک خاموشی ہوگئی۔ اس کی خالہ اٹھیں اور کھانے کی میز کی طرف بڑھ گئیں۔ میز پر دو افراد کے کھانے کے حساب سے پلیٹیں، چمچے اور گلاس موجود تھے۔ ایک کرسی جو عموماً مہمانانِ گرامی کے لیے استعمال ہوتی ہے اور ایک کرسی اس کے دائیں طرف۔ اس کی سمجھ میں نہ آیا کہ وہ کس کرسی پر بیٹھے، اسی لیے وہ انتظار کرتا رہا کہ پہلے اس کی خالہ بیٹھ جائیں۔ وہ صدر کرسی پر براجمان ہوگئیں تو وہ ان کے دائیں طرف بیٹھ گیا۔دو قابوں میں بہت سا سلاداور پھل تھے ۔ ایک قاب میں گوشت کے قتلے اور قیمہ تھا۔ کرسٹل کے گلاسوں میں پانی پہلے ہی بھرا تھا اور وہ بئیر کی بوتلیں بھی رکھی ہوئی تھیں۔اس کی خالہ نے کھانا پلیٹ میں ڈالا اور کھانا شروع کر دیا۔ برنارڈو نے بھی ان کی تقلید کی ۔اس کی خالہ نے دوبارہ حکومت پر تنقید شروع کر دی اور مختلف نام لے کر ان کے کچے چٹھے بیان کر نے شروع کر دیئے۔ برنارڈو نے خالہ کی طرف دیکھا ۔ ان کے ہاتھ میں ہیرے کی انگوٹھیاں تھیں، گلے میں سُچے موتیوں کا نیکلیس، کانوں میں پلاٹینم کے بندے۔ ان کا لباس اگرچہ پرانا مگر بے حد قیمتی تھا۔ اس سے رہا نہ گیا اور جیسے ہی اس کی خالہ نے وقفہ لیا وہ بول پڑا۔
آپ کی باتوں پر مجھے تو حیرت ہو رہی ہے۔ برازیل میں تو ایسی کوئی خبر نہیں ہے۔ یہ سب لوگ جو آج یہاں حکمرانی کر رہے ہیں پہلےبرازیل میں جلاوطن تھےاور یہاں آپ کی حکومت تھی۔ یہ لوگ وہاں بھی مزے سے رہے اور اب تو یہاں حکمران ہیں۔
اس کی خالہ نے پانی کا گھونٹ بھرا اور اس کی بات کی طرف دھیان دئیے بغیر ایک تقریر کر دی۔ پہلے تو انھوں نے وہی گھسی پٹی باتیں دہرائیں کہ ہماری حکومت نے تو فلاں سکیم شروع کی، فلاں مراعات دیں مگر موجودہ حکومت نے ہماری ساری پالیسیوں کو نظر انداز کردیا ۔آہستہ آہستہ ان کی آواز میں شدت آتی گئی اور انھوں نے کھُل کر الزام لگانا شروع کر دئیے کہ آج سرکاری ملازمین کی پنشن ختم کی جارہی ہے۔ کچی بستیوں کو ڈھایا جارہا ہے۔ کالج اور یونی ورسٹیوں کے طالب علم لاپتا ہورہے ہیں۔ ہماری پارٹی کے رہ نماؤں کو نظر بند کردیا گیا ہے میری بھی نگرانی ہو رہی ہے۔ تم کیا جانو کہ ہم پر کیا بیت چکی ہے۔ تمھارے خالو جیل میں ہیں، تمھارے کزن منہ چھپائے پھر رہے ہیں، دو مہینے ہوگئے میں نے اپنے پوتے کو نہیں دیکھا۔ تمھیں کیا پتابرنارڈو۔ تم اور تمھارا خاندان تو برازیل میں سکون سے ہے۔
ان کے آخری جملے سن کر برنارڈو لرز کر رہ گیا۔ اس کی خالہ نے کتنے رسان سے کہہ دیا کہ وہ برازیل میں سکون سے ہیں۔ اس کی خالہ کو کیا پتا کہ اس نےگزشتہ دوبرس کس اذیت میں بسر کیے ہیں۔ برنارڈو کے والد بائیں بازو کی جماعت سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کی مخالف جماعت کے دورِ حکمرانی میں انھیں گھر میں نظر بند اوربرنارڈو کو غائب کر دیا گیا۔ حکمرانوں نے مخالفین کو سزا دینے کی ایک نئی ترکیب وضع کی۔ انھوں نے مخالف جماعتوں کے حکمرانوں کے بچوں کو غائب کروایااور ایک جزیرے میں نظر بند کردیا۔ انھوں نے ان بچوں پر ذرہ برابر تشدد نہیں کیابس انھیں تشدد دیکھنے پر مجبور کرتے رہے۔
برنارڈو جیسے دس لڑکے اور دو لڑکیاں ہر صبح اس عقوبت خانے میں لے جائے جاتے۔ ان کی گائیڈ ایک انتہائی خوب رو لڑکی تھی جو انھیں پہلے ہال میں لے کر جاتی۔ یہاں بہت سے قیدی جیل کا مخصوص لباس پہنے کھڑے ہوتے۔ سب کے سر وں پر کالا کپڑاچڑھا ہوتاا ور ان کے ہاتھ اور پیر بیڑیوں میں بندھے ہوتے۔ ہال میں جمع قیدیوں کو تہ خانوں میں لے جایا جاتا جہاں انھیں مختلف اذیتیں دی جاتیں۔ان کی گائیڈ انھیں فخریہ بتاتی کہ یہاں ہم ان قیدیوں کو گانے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ قیدیوں کو مارنا پیٹنا تو معمولی ترین سزا تھی، ان کے ناخن اکھیڑنا، انھیں سگریٹ اور لوہے سے داغنا، انھیں بجلی کے جھٹکے دینا، ہڈیاں توڑناسب ان کی آنکھوں کے سامنے ہوتا۔ ایک دودن بعد انھیں یہاں سے ایک او رہال کمرے میں لا کر تابوتوں میں بند کردیا جاتا۔ وہ قیدی وہاں ہفتہ بھر رکھے جاتےیا اتنا عرصہ کہ ان کی دی گئی معلومات کی تصدیق ہو سکے۔ انھیں کھانے کو اتنا دیا جاتا کہ ان کے جسم اورروح کا رشتہ برقرار رہ سکے۔ البتہ حاملہ قیدیوں پر ذرا نرمی برتی جاتی۔ انھیں بازؤں یا ٹانگوں پر ڈنڈے رسید کیے جاتے یا بس ان کے ناخن اکھیڑ لیے جاتے۔ بال تو سب کے یہاں آتے ہی کاٹ دئیے جاتے تھے۔انھیں خوراک بھی بہتر دی جاتی ۔ جیسے ہی وہ ولادت کے مرحلے سے گزرتیں ، ان کے بچے حکومت کے وفادار بے اولاد جوڑوں میں تقسیم کر دئیے جاتے۔ اگر ان کی معلومات صحیح نکلتی تو انھیں ان مخصوص کوٹھڑیوں میں بھیج دیا جاتا جہاں روشنی کا گزر نہیں تھا۔ وہ قیدی ساری عمر یا جب تک حکومت تبدیل نہیں ہوتی وہیں سڑتے رہتے۔ اور جو قیدی معلومات فراہم نہ کر سکتے ان کا انجام بڑا بھیانک تھا ۔ ایسے قیدیوں کو نیم بے ہوشی کا انجکشن لگا کر ہیلی کاپٹر میں لے جایا جاتااور ایک ایک کر کے ان نیم بے ہوش، نیم مردہ وجودوں کو سمندر کی گہرائیوں کے حوالے کردیا جاتا۔برنارڈو اور اس کے ساتھی کتنی بار قے کرتے، کتنی دیر تک آنکھیں بند رکھتے،وہ سب کے سب ذہنی مریض بن چکے تھے۔ انھیں تین مہینے یہی سب کچھ دکھایا جاتا رہا۔ ایک مہینے بعد وہ یہ تشدد کھلی آنکھوں سے دیکھنے لگے ۔
تین مہینے بعد انھیں رہا کردیا گیا۔ چھوڑتے وقت انھیں نہ کسی قسم کی دھمکی دی گئی نہ ہدایت۔ سیاسی رہ نماؤں کے بچے بیس میل پیدل چل کر شہر تک پہنچے۔ گھر پہنچنے پر اس کے ماں باپ بے حد خوش ہوئے مگر برنارڈو اگلے دو برس جس اذیت سے گزراوہ صرف وہی یا اس جیسے دوسرے جانتے تھے۔ ذرا سی اونچی آواز سنتے ہی اس پر کپکپی طاری ہوجاتی، اس کی گفتگو میں ہکلاہٹ آگئی، سڑک پر پولیس کو دیکھ کر وہ راستہ بدل لیتا۔اس کی پوری شخصیت ٹوٹ پھوٹ چکی تھی۔ اس کی محویت چمچہ رکھنے کی آواز سے ٹوٹی۔ اس کی خالہ کھانا کھا چکی تھیں ۔ برنارڈو نے سوال کیا۔
"دیکھیں آنٹی! آپ کےد ورِ حکومت میں اور آج بھی سیاسی مخالفین کو کچلا گیا ہے، یہ نہ صرف ادھر بلکہ اڑوس پڑوس کے ہر ملک میں ہورہا ہے۔ جب آپ دوسروں پر ظلم کریں گے تو آپ کی باری بھی آئے گی۔ ”
اس کی خالہ جو اب تک اس کی ہر بات کو ان سنی کرتی رہی پھر اسی بے نیازی سے بولی۔
"سماج کو بدلنے کے لیے ٹھوس اقدامات اور مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں، پورے معاشرے کی بھلائی اور بہتری کے لیے شر پسند عناصر کو لگام دینا ضروری ہوجاتا ہے۔ اسی لیے ہم نے مشکل فیصلے کیے ۔ باقی جہاں تک تمھارا تعلق ہے تمھارے حکمرانوں میں وہ خصوصیات ہی نہیں جن کی بدولت وہ معاشرہ بدل سکیں۔ وسیع تر مفاد میں چند ہزار جانیں چلی بھی جائیں تو کیا مضائقہ ہے۔”
یکایک برنارڈو کو محسوس ہوا کہ کسی غیر مرئی ہاتھ نے اس کا منہ ڈھانپ دیا ہےاور وہ چاہنے کے بعد بھی کچھ بولنے کے قابل نہیں رہا۔ اچانک دو ہاتھ اس کے کندھے پر آن پڑے، دو نہ نظر آنے والے ہاتھ، نرم مگر بے حد بھاری۔ ان ہاتھوں کے بوجھ تلے اس کا سیدھا بیٹھا رہنا مشکل ہو گیا،وہ بمشکل اٹھا اور بغیر کوئی بات کیے گھر سے باہر نکل گیا۔
(انگریزی سے اردو ترجمہ)
اصل عنوان : The Dinner
مصنف کا تعارف:
جولین فاکس
Julián Fuks
-1981
_____________
جولین فاکس سائو پائولو میں پیدا ہوئے ۔وہ برازیل کے ابھرتے ہوئے ناول نگار ہیں جن کے ایک ناول Resistanceکو چار بڑے اعزازات جن میں Jabuti Award, Oceanos Award, Jose Saramago Literary Prize اور Anna Seghers Prizeسے نوازا گیا۔ ان کے چار ناول شائع ہو چکے ہیں جب کہ ان کی کہانیاں دنیا کی کئی زبانوں میں ترجمہ ہو چکی ہیں۔ وہ مختلف اخبارات اور جرائد کے مدیر رہ چکے ہیں ۔
بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/3869657979931373

Comments
4 responses to “**عالمی ادب کے اردو تراجم (انتخاب افسانہ)** **افسانہ نمبر 583: عشائیہ** **افسا…”
معاشرہ میں تبدیلی تب ہی آئے گی جب مذھبی تعلیمات سرمایہ کل نہیں بلکہ محض ایک جزو کی حیثیت میں آئے گا۔ اور یہ ممکن نہیں کہ چودہ اگست کا اغاز ہی مزھب سے ہوا۔ جب بنیاد سیدھی نہ ہو تو عمارت کیونکر سیدھی جائے گی ؟ لہذا معاشرہ کی تبدیلی کا خیال رکھنا حقیقت سے آنکھیں چرانا ہے۔ اس لیے بہتر ہے زندگی کے چار ساہ جیسے ویسے ھنڈا لیے جائیں۔
پاکستان کی بھرپور تصویر کشی کی گئی ہے اور افسانہ ہذا کو نوے فیصد سے زائد مواد عین ملک پر فٹ آتا ہے بالخصوص نام نہاد مرد مومن مرد حق ضیاءلحق کا اسلامائزیشن دور ، شاھی قلعہ کے تہہ خانوں میں ٹارچر سیل۔۔۔ اور بلوچستان کی صورتحال بھی افسانہ میں بدرجہ اتم موجود ہے۔ ترجمہ اعلیٰ پائے کا اور رواں دواں ہے۔
حکمرانوں میں وہ خصوصیات ہی نہیں جن کی بدولت وہ معاشرہ بدل سکیں۔
ہر جگہ ایک جیسے حالات ہیں