صحافی، ادیب، معروف شاعر اور ممتاز جدید شاعر” نشترؔ خانقاہی “ کا یومِ وفات…*
7 / مارچ / 2006
نشترؔ خانقاہی ، پیدائش *فروری ١٩٣٠ء* کو *جہاں آباد ضلع بجنور* میں ہوئی۔ اسکول کی تعلیم بجنور میں ہی حاصل کی اس کے بعد تعلیمی سلسلہ جاری نہ رکھ سکے اور تلاش معاش میں دہلی آگئے۔ دہلی میں انہوں نے صحافت کو پیشے کے طور پر اختیار کیا۔ ماہنامہ *’شاہراہ‘ ’سوبرس‘* اور *’مشاہدے‘* جیسے جریدوں کی ادارت کی۔ ہندی رسائل میں بھی ان کے مضامین اور شاعری تواتر کے ساتھ شائع ہوتی رہی۔ دہلی کے بعد ممبئی میں بھی قیام کیا۔ وہاں روزنامہ *’جمہوریت‘* سے وابستہ رہے۔
*نشترؔ خانقاہی* کے اس طویل صحافتی تجربے کے اثرات ان کی شاعری میں بھی نظر آتے ہے۔ ان کی غزلیں اور نظمیں ان کے وقت کے سیاسی، سماجی اور تہذیبی مسائل کو مخصوص تخلیقی ہنر مندی کے ساتھ منعکس کرتی ہیں۔ نشتر خانقاہی کے اردو اور ہندی میں متعدد شعری مجموعے شائع ہوئے۔ کچھ کے نام یہ ہیں۔
*’میرے لہو کی آگ‘ ’دسترس‘ ’سرائے میں شام‘ ’منظر وپس منظر‘ ’معلوم نامعلوم‘ ’موسم کی بیساکھیاں‘ ’کیسے اور کیوں‘ ’کیسے کیسے لوگ ملے‘* وغیرہ ۔ *٧ مارچ ٢٠٠٦ء* کو *بجنور* میں انتقال ہوا۔
..
نشترؔ خانقاہی کے منتخب اشعار
..
اب تک ہماری عمر کا بچپن نہیں گیا
گھر سے چلے تھے جیب کے پیسے گرا دیے
—
*بچھڑ کر اس سے سیکھا ہے تصور کو بدن کرنا*
*اکیلے میں اسے چھونا اکیلے میں سخن کرنا*
—
پرسش حال سے غم اور نہ بڑھ جائے کہیں
ہم نے اس ڈر سے کبھی حال نہ پوچھا اپنا
—
مری قیمت کو سنتے ہیں تو گاہک لوٹ جاتے ہیں
بہت کمیاب ہو جو شے وہ ہوتی ہے گراں اکثر
—
*آگے پہنچا جل کا دھارا بجرا پیچھے چھوٹ گیا*
*رستہ چھوڑ سواروں کو میں پیادہ پیچھے چھوٹ گیا*
—
غلافِ سنگ میں لپٹا ہوا ہے شہر کا شہر
چلی ہوا تو زمیں سے غبار تک نہ اٹھا
—
*خوش فہمیوں کو درد کا رشتہ عزیز تھا*
*کاغذ کی ناؤ تھی جسے دریا عزیز تھا*
—
ہر نئی رت میں بدل جاتی تھی تختی نام کی
جس کو ہم اپنا سمجھتے کوئی گھر ایسا بھی تھا
—
شجر آنگن کا جب سورج سے لرزاں ہونے لگتا تھا
کوئی سایہ مرے گھر کا نگہباں ہونے لگتا تھا
—
*کبھی تو ملتویِ ذکر جہاں گرداں بھی ہونا تھا*
*کبھی تو اہتمام صحبتِ یاراں بھی ہونا تھا*
—
آلودہ کبھی گردِ طلب سے نہ ہوئے ہم
ہونٹوں پہ کبھی حرفِ تمنا نہیں آیا
—
*آپ اپنی ذات میں سمٹا ہوا عالم تمام*
*تم کو یوں جانا کہ تھا جانا ہوا عالم تمام*
—
*کشش تو اب بھی غضب کی ہے نازنینوں میں*
*مگر وہ چاند چمکتا نہیں جبینوں میں*
—
پیشانیٔ حیات پہ کچھ ایسے بل پڑے
ہنسنے کو دل نے چاہا تو آنسو نکل پڑے
—
تعمیر ہم نے کی تھی ہمیں نے گرا دیے
شب کو محل بنائے سویرے گرا دیے
—
ہے کون مرا دشمنِ جاں مجھ کو خبر ہے
کب میں نے کہا مجھ کو ستم گر کا پتا دے
—
میرے بدن کی آگ ہی جھلسا گئی مجھے
دیکھا جو آئنہ تو ہنسی آ گئی مجھے
—
الفاظ ہیں مفہوم سے لبریز تو کیوں ہیں
گر ہے تو دعاؤں میں اثر کس کے لیے ہے
—
*مسافر خانۂ امکاں میں بستر چھوڑ جاتے تھے*
*وہ ہم تھے جو چراغوں کو منور چھوڑ جاتے تھے*
*انتخاب : آئی ۔ اے انصاری*

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔