پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہزاد احمد دنیا کی طرف لوٹ کے آنے کے نہیں ہم سچ ب…

شہزاد احمد

دنیا کی طرف لوٹ کے آنے کے نہیں ہم
سچ بات یہ ہے تیرے زمانے کے نہیں ہم

آوارہ مزاجی بھی طبیعت نہیں اپنی
ویسے تو کسی ٹھور ٹھکانے کے نہیں ہم

اب دیکھتے ہیں تیرگی جاتی ہے کہاں تک
اے تیرہ شبی شمع جلانے کے نہیں ہم

اک درد کی دولت ہے جسے بانٹے پھریے
مالک بھی کسی اور خزانے کے نہیں ہم

تو نے تو ابھی کھیل کا آغاز کیا ہے
کردار ابھی تیرے فسانے کے نہیں ہم

اے خالق گل چاہیے کچھ اور بھی وسعت
معمورۂ عالم میں سمانے کے نہیں ہم

کہتے چلے جاتے ہیں کہانی پہ کہانی
اس قید سے باہر کبھی جانے کے نہیں ہم

اس شہر کے اندر ہیں فصیلیں ہی فصیلیں
اس قید سے باہر کبھی جانے کے نہیں ہم

شہزاد دل و جاں پہ جو گذری ہے قیامت
وہ زخم کسی کو بھی دکھانے کے نہیں ہم


Comments

9 responses to “شہزاد احمد دنیا کی طرف لوٹ کے آنے کے نہیں ہم سچ ب…”

  1. "بابائے جمہوریت ، عظیم قائد نوابزادہ نصراللہ خان ( رحمتہ اللہ علیہ) کی نذر”

    وہ شب زدوں میں سحر کا دماغ رکھتا تھا
    ہوا کے دوش پہ اپنا چراغ رکھتا تھا

    وہ اپنی زیست کے لمحوں کی لاج رکھتا تھا
    وہ "کل” کو اپنے تصرف میں "آج” رکھتا تھا

    وہ اک خطیب کہ شعلہ نوا بھی تھا لیکن
    غضب کی دھوپ میں شبنم مزاج رکھتا تھا

    وہ جس کے عزم پہ قرباں جوانیوں کا غرور
    وہ مرد ِ پیر بھی کیسا شباب رکھتا تھا

    خدا کی ذات پہ اُس کا یقینِ کامل تھا
    وہ دِل میں عشقِ رسالتِ مآب ﷺ رکھتا تھا

  2. وااہ ۔۔۔ عمدہ کلام
    عظیم لیڈر نواب زادہ نصراللہ خان نہ صرف ایک اچھے سیاست دان تھے وہ اک اچھے شاعر بھی تھے اللہ پاک درجات بلند فرمائے آمین

  3. کیا میں آپ سے کبھی انباکس میں بات کر سکتا ہوں …؟

  4. شہزاد احمد کا منفرد کلام۔۔۔۔اور
    نواب زادہ نصر اللہ خان (مستقل اپوزیشن لیڈر) کی نایاب تصویر۔۔
    واہ۔۔۔
    سیاست ہی ان کا(نصر اللہ خان کا) اوڑھنا بچھونا رہی۔۔۔۔جب نصر اللہ خان کا انتقال ہُوا تو وہ اسلام آباد کے ایک ہسپتال میں داخل تھے ، ان کے دل کے ساتھ پیس میکر لگا ہُوا تھا اور ان کے کمرے میں سیاستدانوں کا اجلاس جاری تھا۔۔۔۔کہ۔۔۔
    ان کی وفات ہو گئی۔
    شاعر بھی خوب تھے

  5. آپ کی معلومات حقیقت میں قابلِ رشک ہے قبلہ حکیم خلیق الرحمٰن کوئی بھی شعبہ ایسا معلوم نہیں ہوتا جو آپ کی نظر سے بچا ہو …ماشااللہ ….اللہ آپ کو سلامت رکھے اور آپ کے علم و فضل میں دن دونی رات چوگنی ترقی ہو آمین

جواب دیں