پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴
شادی

شادی شدہ بیچارے

کہتے ہیں کہ ڈاکٹر اور نائی ہمیشہ ایک ہی رکھنا چاہئے . لہٰذا ڈاکٹر تو نہیں پر نائی گزشتہ دس سال سے ایک ہی رکھا ہوا ہے . حتیٰ کہ اگر ایک مہینہ بھی شہر سے باہر گذارنا پڑے تو بھی کوشش یہی ہوتی ہے کہ داڑھی اور بال واپس کراچی جا کر ہی بنواؤں .
حالانکہ سیلون گھر سے کافی دور ہے پر پھر بھی دس سال سے ایک ہی جگہ جاتے رہنے کی وجہ سے وہاں آنے والے ریگولر کسٹمرز سے اچھی دوستی ہوگئی ہے ، ملاقات تو مہینوں میں شاذ و نادر اتفاقیہ ہی ہوتی ہے جب دونوں ایک ہی وقت میں بال کٹوانے آئے ہوئے ہوں . آج صبح جب بالوں کی سیٹنگ کروانے ناظم آباد گیا تو سامنے کرسی پر ایک جانی پہچانی شکل دکھائی دی . کچھ لمحے تو ہم ایک دوسرے کو دیکھتے رہے اور پھر اس بندے نے آگے بڑھ کر مصافحہ کے لئے ہاتھ بڑھا دیا اور میرا نام لے کر خیریت دریافت کی . میں اسے پہچانا تو نہیں پر تاثر یہی دیا جیسے میں پہچان گیا ہوں . خیر باتوں باتوں میں مجھے یاد آگیا کہ یہ اسد ہے جس سے کوئی پانچ چھ سال پہلے اسی سیلون میں ملاقات ہوئی تھی . موصوف نے شیو کروانی تھی اور چونکہ اس کا نمبر آگیا تھا لہٰذا وہ سیٹ پر جا کر بیٹھ گیا .
اب ساتھ ساتھ اسکی شیو بھی ہورہی تھی اور میری ، نائی کی اور اسد کی گپ شپ بھی جاری تھی . موصوف نے آج اپنی سالی کے بیٹے کی سالگرہ پر جانا تھا لہٰذا جب استفسار کیا کہ شادی شدہ زندگی کیسے گذر رہی ہے تو موصوف نے شیشے سے میری طرف دیکھتے ہوئے کہا
” بس جہان بھائی نا پوچھو . چھ سالیاں ہیں ایک ایک کر کے انکی شادیاں ہوئیں تو اس میں خرچے ہوئے اب کسی کا بیٹا ہوتا ہے تو اس پر بھی کچھ دینا ہوتا ہے یہاں کسی کا بیٹا ہوتا ہے تو اگلے ہفتے کسی کے بیٹے کی سالگرہ آجاتی ہے اور اگر چھ سات ہفتے کسی کے بیٹے کی سالگرہ یا پیدائش نہ ہو تو پھر کسی سالی کی سالگرہ آجاتی ہے . قسم سے یار ناک تک تنگ آگیا ہوں سمجھ ہی نہیں آتی کیا کروں اور کیا نہیں .. "

ہممم چل یار یہ تو زندگی کے ساتھ لگے ہوئے رشتے ہیں خیر ہے حوصلہ رکھ .. بھابی تو ٹھیک ہیں نا ؟ میں نے حوصلہ دیتے ہوئے بات کا رخ موڑا ..

"ہاں یار الله کا شکر ہے گھر والی اچھی اور سمجھدار ملی ہے … ” ابھی یہاں تک ہی بات ہوئی تھی کہ اسد کرسی سے تقریباً اچھل کر باہر ہی آگیا .

ابے یہ کیا کردیا تو نے ؟ یار تو نے میری واٹ مار دی .. اسد نے سر پر ہاتھ مارتے ہوئے نائی سے کہا ..

کیوں بھائی کیا ہوگیا ؟ نائی بیچارہ اپنے استرے کو دیکھنے لگا کہ کہیں اس نے شہ رگ ہی تو نہیں کاٹ دی ..

ابے مونچھیں نہیں کاٹنی تھی یار … "…..” بیگم نے منع کیا تھا موچھیں کٹوانے سے ، قسم خدا کی یار واٹ لگ گئی . پورا ہفتہ اب جلی کٹی سنائی گی …

پر بھائی ہمیشہ تو کلین شیو کرواتے ہو آپ .. نائی نے بے دلی سے کہا …

ابے وہ جو میری جان کا عذاب گھر بیٹھی ہوئی ہے یہ جا کر اسے سمجھا . کتا بن گیا ہوں میں .. شٹ یار ..

ارے کیا ہوگیا یار بھابی سمجھدار ہیں خیر ہے ہفتے تک پھر آجاۓ گی تیری مونچھیں .. میں نے معاملہ رفع دفع کرنا چاہا ..

” ابے گھنٹہ سمجھدار ہے .. دماغ کی لسی بنا دے گی اب ، کہ کس کے کہنے پر کلین شیو کرواتے ہو ؟ شوہر میرے ہو تو میرے لئے اچھے لگو جیسا میں کہتی ہوں ویسے رہا کرو .. ابے یار قسم سے ایک چھٹی ہوتی ہے گھر میں آرام کرنے کے لئے وہ بھی غارت ہوجاۓ گی آج … "

خیر اسد تو چلا گیا پر میں تب سے اب تک یہی سوچ رہا ہوں کہ مرد جو عورت کو مارتا ہے اسکے نشان عورت دکھا کر ہمدردی بھی حاصل کرلیتی ہے اور مرد ظالم بھی ڈیکلئیر ہوجاتا ہے ، پر یہ جو عورت ذات مرد کو ذہنی مار مارتی ہے ایک تو اسکی تکلیف و اذیت جسمانی مار سے زیادہ ہوتی ہے اور پھر دوسرا یہ کہ اس پر کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں ہوسکتی اور تیسرا یہ کہ اگر اس ذہنی ٹارچر سے کچھ عرصے بعد مرد ذہنی بیمار یا چڑچڑا ہوجاۓ تو بھی مظلوم عورت ذات بن جاتی ہے کہ معصوم سی بچی کا کس ” بد دماغ غصیل اور چڑچڑے انسان سے واسطہ باندہ دیا گیا ”
لہٰذا جہاں ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے وہیں ایک بد دماغ ذہنی مریض غصیل مرد کے پیچھے کسی نا کسی عورت کا دیا گیا ذہنی ٹارچر شامل ہوتا ہے ” 🙂

[button color=”orange” size=”medium” link=”http://” icon=”” target=”false”]ملک جہانگیر اقبال[/button]