پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رخِ روشن کا روشن ایک پہلو بھی نہیں نکلا…

رخِ روشن کا روشن ایک پہلو بھی نہیں نکلا
جسے میں چاند سمجھا تھا وہ جگنو بھی نہیں نکلا

وہ تیرا دوست جو پھولوں کو پتھرانے کا عادی تھا
کچھ اس سے شعبدہ بازی میں کم تُو بھی نہیں نکلا

ابھی کس منہ سے میں دعویٰ کروں شاداب ہونے کا
ابھی ترشے ہوئے شانے پہ بازُو بھی نہیں نکلا

گھروں سے کس لیے یہ بھیڑ سڑکوں پر نکل آئی؟
ابھی تو بانٹنے وہ شخص خوشبو بھی نہیں نکلا

شکاری آئے تھے دل میں شکارِ آرزو کرنے
مگر اس دشت میں تو ایک آہُو بھی نہیں نکلا

تری بھی حُسن کاری کے ہزاروں لوگ ہیں قائل
گلی کوچوں سے لیکن اُس کا جادو بھی نہیں نکلا

بتا اِس دور میں اقبال ساجدؔ کون نکلے گا؟
صداقت کا علَم لے کر اگر تُو بھی نہیں نکلا

اقبال ساجدؔ

از:-تکمیل ص ۳۸/۳۹

اِنتِخاب
سفیدپوش


Comments

8 responses to “رخِ روشن کا روشن ایک پہلو بھی نہیں نکلا…”

  1. بہترین شاعر دنیادار تھے ہی نہیں ۔

  2. Bhooooot khoob
    Allah’ gareek e rehmat kre inkee matti.

  3. اِقبال ساجِد کا شمار بھی اُن افراد میں ہوتا ہے جن کے کلام نے بہت سے شوقین حضرات کو شاعِر بنا دِیا۔۔۔مگر خود گمنامی اور سادگی کی زندگی بسر کرکے عالمِ فانی سے سدھار گئے۔نہ شوقِ تشہیر اور نہ داد کی خواہش۔ اقبال ساجد آج کے بہت سے بڑے ناموں سے بدرجہاء بہتر شاعِر ہے۔

جواب دیں