پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رؤف خلش یادوں کی کچھ راکھ انڈیلی ، دکھڑے روئے آہ …

رؤف خلش

یادوں کی کچھ راکھ انڈیلی ، دکھڑے روئے آہ بھری
مل بیٹھے سرپھرے کہیں پر ، دل تھا پارہ پارہ رے
کوئی ہمیں پوچھے تو کہنا ، سب ہی کشل منگل ہے یہاں
مت کہنا کس حال میں ہم نے ، کیسا سمے گذارا رے
جھوٹوں کی نگری میں چکھ لی ، کڑوی کڑوی سچائی
وِش کے پیالے پی گئے کتنے ، سمجھ کے امرت دھارا رے
اسی دشا میں شام گنوائی ، اسی دشا میں سویرا بھی
تن پر اک گھنگھور گھٹا سی ، من پر چلتا آرا رے
جیون کی نیّا کے تھپیڑے ، لے گئے کتنی دور خلشؔ
اپنی آنکھ سے ہوگیا اوجھل ، جو تھا نینن تارا رے