دیواروں سے مل کر رونا اچھا لگتا ہے
ہم بھی پاگل ہو جائیں گے ایسا لگتا ہے
کِتنے دنوں کے پیاسے ہوں گے یارو سوچو تو
شبنم کا قطرہ بھی جن کو دریا لگتا ہے
آنکھوں کو بھی لے ڈوبا یہ دل کا پاگل پن
آتے جاتے جو ملتا ہے تُم سا لگتا ہے
اِس بستی میں کون ہمارے آنسو پُونچھے گا
جو ملتا ہے اُس کا دامن بھیگا لگتا ہے
دنیا بھر کی یادیں ہم سے ملنے آتی ہیں
شام ڈھلے اِس سونے گھر میں میلہ لگتا ہے
کِس کو پتھر ماروں قیصرؔ کون پرایا ہے
شیش محل میں اِک اِک چہرا اپنا لگتا ہے
قیصرؔ الجعفری
المرسل: فیصل خورشید
مزید پڑھیں: قیصر الجعفری کی غزلیں — Qaisarul Jafri Ghazals کی مزید غزلیں

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔