"”دیوار””
اس سمت ہوں میں
اُس پار ہو تم
ہے بیچ میں شیشے کی دیوار
دیکھو، تو کتنے پاس ہیں ہم
کہنے کو یہی دو چار قدم
دو چار قدم کی یہ منزل
سوچو، تو کتنی مشکل ہے
اس قربت میں
اس دوری میں
صدیوں کی مسافت حائل ہے
اور صدیوں سے ہم تم یوں ہی
اِک دوسرے کو کِس حسرت سے
اس پتھر دل شیشے کی دیوار سے
پیہم تکتے ہیں
اس قربت کا
اس دوری کا
کیسا کیسادکھ سہتے ہیں
اور قبل اس کے، شیشے کی طرح
آنکھیں اپنی پتھرا جائیں
اس سمت سے میں
اُس پار سے تُم
آؤ مل کر اس شیشے کی دیوار سے
سر کو ٹکرائیں
یا سر نہیں یا دیوار نہیں
یوں جینے پہ ہم تیار نہیں
سُرُورؔ بارہ بنکوی
از:-کُلّیاتِ سُرُورؔ ص ۹۵/۹۶
اِنتِخاب
سفیدپوش

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔