ایک زمین کئی شاعر۔۔!!
“خاطر غزنوی”اور “احمد علی برقی اعظمی”
خاطر غزنوی۔۔۔!!
گو ذرا سی بات پر برسوں کے یارانے گئے
لیکن اتنا تو ہوا کچھ لوگ پہچانے گئے
گرمئ محفل فقط اک نعرۂ مستانہ ہے
اور وہ خوش ہیں کہ اس محفل سے دیوانے گئے
میں اسے شہرت کہوں یا اپنی رسوائی کہوں
مجھ سے پہلے اس گلی میں میرے افسانے گئے
وحشتیں کچھ اس طرح اپنا مقدر بن گئیں
ہم جہاں پہنچے ہمارے ساتھ ویرانے گئے
یوں تو وہ میری رگ جاں سے بھی تھے نزدیک تر
آنسوؤں کی دھند میں لیکن نہ پہچانے گئے
اب بھی ان یادوں کی خوشبو ذہن میں محفوظ ہے
بارہا ہم جن سے گلزاروں کو مہکانے گئے
کیا قیامت ہے کہ خاطرؔ کشتۂ شب تھے بھی ہم
صبح بھی آئی تو مجرم ہم ہی گردانے گئے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
احمد علی برقی اعظمی۔۔۔!!
لے کے اپنے ساتھ بربادی کے افسانے گئے
’’ ہم جہاں پہنچے ہمارے ساتھ ویرانے گئے‘‘
یوں تو ہم کو لوگ دیوانہ سمجھتے تھے مگر
اپنے جوہر بزمِ اہلِ دل میں پہچانے گئے
جان کی بازی لگا دی رہروانِ شوق نے
شمعِ رخ پر مِٹنے والے اُن کے پروانے گئے
تھے جو بیگانے مصیبت میں وہ اپنی آئے کام
جن کو ہم اپنا سمجھتے تھے وہ پہچانے گئے
ہوش کھو بیٹھے ہم ان کو دیکھ کر دیوانہ وار
چشمِ میگوں کے وہ لے کر ساتھ میخانے گئے
منزلِ مقصود تک پہنچے شہیدانِ وفا
جان و دل کے لے کے اپنے جو بھی نذرانے گئے
طایرِ فکر و نظر کے پَر کَتَر لینے کے بعد
وہ قفس مین لے کے اپنے ہاتھ میں دانے گئے
بھول بیٹھے سارے میکش اپنی وہ خرمستیاں
محتسب کو دیکھتے ہی جام و پیمانے گئے
مفتی صدرالدین آزردہ نے لی اُن کی خبر
مرزا غالب جیل کی جس دم ہوا کھانے گئے
اس کے پیچ و خم میں وہ خود ہوگئے برقی اسیر
اُن کی زلفِ خم بہ خم کو جو بھی سلجھانے گئے
شہرِ دہلی میں تھے برقی اعظمی گمنام جو
شاعرِ ’’ روحِ سخن ‘‘ کے نام سے جانے گئے

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔