پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دستوئیفسکی کا سب سے بڑا ناول ’کرامازوف برادران‘ بہ…

دستوئیفسکی کا سب سے بڑا ناول ’کرامازوف برادران‘ بہت جلد بک کارنر جہلم شائع کر رہا ہے۔

???? — اورحان پاموک
ہزار سالوں میں اگر کوئی بہترین کتاب لکھی گئی ہے تو وہ دستوئیفسکی کی کرامازوف برادران ہے۔ میں نے ایسی کوئی دوسری کتاب نہیں دیکھی جو اتنی دلکش شدت کے ساتھ ڈرمائی انداز اختیار کرتی ہو اور جس میں، انسائکلوپیڈیائی حد تک، اس دنیا میں رہنے کی مشکلات کا احاطہ کیا گیا ہو۔۔۔ لوگوں کے ساتھ بسر کرنے کی مشکلات، اگلی دنیا کا خواب دیکھنے کی مشکلات۔

???? — آئن سٹائن
میں آج کل دستوئیفسکی کا ’کرامازوف برادران‘ پڑھ رہا ہوں۔ میں نے آج تک جن عمدہ ترین چیزوں کو ہاتھ میں اٹھایا ہے، یہ اُن میں سب سے قابلِ تعریف ہے۔

???? — سگمنڈ فرائیڈ
اب تک لکھے گئے ناولز میں سے سب سے عالیشان ناول۔

???? — فریڈرک نطشے
دستوئیفسکی واحد ماہرِ نفسیات ہے جس سے میں کچھ سیکھتا ہوں۔

???? — جیمز جوائس
کرامازوف برادران نے مجھ پر بہت گہرا تاثر چھوڑا ہے۔

???? — واکر پرسی
کرامازوف برادران شاید ہر دور کا عظیم ترین ناول رہے گا۔

???? — ولیم فاکنر
دستوئیفسکی نہ صرف یہ کہ میرے لکھنے پر بہت زیادہ اثر انداز ہوا ہے بلکہ اس کو پڑھتے ہوئے میں نے بے پناہ لطف بھی اٹھایا ہے۔

کتاب: کرامازوف برادران | ناول
مصنف: فیودور دستوئیفسکی Fyodor Dostoevsky
ترجمہ: شاہد حمید
ضخامت: 1420 صفحات
ناشر: بک کارنر، جہلم، پاکستان
وٹس ایپ نمبر: 03144440882
آفیشل پیج: Book Corner Showroom

???? دستوئیفسکی اور ’کرامازوف برادران‘

فیودور میخائل دستوئیفسکی 1821ء میں ماسکو میں پیدا ہوا۔ اس کا باپ شہر کے کسی خیراتی ہسپتال میں ڈاکٹر تھا۔ سکول کی تعلیم ختم کرنے کے بعد 1843ء میں دستوئیفسکی سینٹ پیٹرسبرگ کے فوجی انجینئرنگ سکول سے گریجویٹ ہوا اور اسی سال انجینئرنگ وزارت میں ڈیزائن تیار کرنے کے کام پر ملازم ہو گیا، اپنی ملازمت سے وہ مطمئن نہ ہو سکا۔ 1844ء میں اس نے استعفا دے دیا۔ اگرچہ اس کی تعلیم سائنس اور ریاضیات میں ہوئی تھی مگر اس کے باوجود اس نے انشاء پردازی کو کسبِ معاش کا ذریعہ بنانے کا ارادہ کیا اور ناول لکھنے لگا۔ اس کے پہلے ناول’’بے چارے لوگ‘‘ (1846ء) کا ادبی حلقوں میں بہت چرچا ہوا۔ اس کا ہیرو جے دوش کن خاکسار اور مسکین ہے۔ نقاد بے کن سکی نے ’’بے چارے لوگ‘‘ کو پڑھ کر کہا تھا کہ جے دوش کن کی ہستی کوئی نادر شے نہیں بلکہ رُوسی زندگی کا ایک عام اور عبرت انگیز مظہر ہے۔
1860ء میں دوسرا ناول ’’ذلتوں کے مارے لوگ‘‘ لکھا۔ یہ ناول ان بیچاری ہستیوں کے دردِ دل کی کہانی ہے جو اپنے پاک جذبات کو دُنیاوی اغراض اور ’’بھلائی‘‘ کی خواہش پر نثار نہیں کر سکتی ہیں اور محض اسی وجہ سے کہ ان کے دل پاک اور جذبات قوی ہیں، انھیں دنیا میں ہر طرح کی رُسوائی اور ذلت اٹھانا پڑتی ہے۔ 1861ء میں دستوئیفسکی نے اپنے بھائی میخائل کی شرکت میں ایک ماہوار رسالہ’’زمانہ‘‘ جاری کیا۔ 1863ء میں ریاست کے حکم سے رسالہ بند کرا دیا گیا۔ 1866ء میں ناول’’جرم و سزا‘‘ اور 1870-71ء میں ’’بھوت پریت‘‘ لکھا۔ ان دونوں ناولوں میں دستوئیفسکی نے جرم، انکار اور بغاوت کے فلسفہ حیات پر غور کیا ہے اور اپنے زمانے کے چند واقعات کو پلاٹ کے طور پر رکھ کر مجرم، منکر اور باغی لوگوں کی نفسی کیفیات اور ان کی جدوجہد کا انجام دکھایا ہے۔ 1860-69ء میں ناول ’’ایڈیٹ‘‘ لکھا۔ زندگی اور انسانی فطرت کی مصوری، حقیقت نگاری اور انسانی شعور کی کیفیات کے علم کے اعتبار سے وہ دستوئیفسکی کا بہترین ناول قرار دیا جا سکتا ہے۔ ’’گمراہ کا جان کھونا اور رہنما کا دیوانہ ہو جانا‘‘ … ’’ایڈیٹ‘‘ کا یہ انجام دستوئیفسکی کی نزاکتِ احساس اور نکتہ رسی کی بہت گہری دلیل ہے۔ اس ناول کا ہیرو میشکن انسانِ کامل کا پہلا مجسمہ ہے جو دستوئیفسکی نے بنایا اور بنا کر آزمائش کے لیے دُنیا کے میدانِ عمل میں کھڑا کیا۔
’’کراما زوف برادران‘‘ (1879-80ء) دستوئیفسکی کا سب سے طویل ناول ہے۔ ناول کا ہیرو الیوشا روسی قوم، روسی مذہب اور مذہبیت کی اعلیٰ ترین پیداوار ہے اور اسے اپنی سرزمین اور ماحول سے بہت گہرا اور سچا لگائو ہے۔ اس کی سیرت اور وہ اصول جن پر وہ تعمیر کی گئی ہے، یہ ظاہر کرتے ہیں کہ دستوئیفسکی بغاوت، انکار اور شک کے تمام مراحل طے کر کے منزلِ مقصود پر پہنچ گیا تھا۔ دستوئیفسکی جس حقیقت کی تلاش میں نکلا، وہ اس کے خیال میں خارجی زندگی اور بیرونی اثرات سے بہت کم تعلق رکھتی تھی۔ اسی وجہ سے اس کے ناولوں میں ’’واقعات‘‘ کا بہت کم ذکر ہے۔ انسان کی اندرونی کیفیات بہت تفصیل سے بیان کی گئی ہیں۔ اس کی تصانیف علم، اخلاق، فلسفے اور مذہب کے نقطۂ نظر سے بلند پایہ اور بیش بہا ہیں۔ وہ محض قصے کہانیاں نہیں، محض انسانی زندگی کی حقیقت نما تصویر نہیں ہیں، ان کا شمار دراصل ان الہامی کتابوں میں ہونا چاہیے جنھوں نے ایک قوم کے جاں بہ لب عقیدوں اور حوصلوں میں جان ڈال کر ویرانوں کو آباد کیا ہے اور ایک نئی دنیا تعمیر کی ہے۔ ’’دستوئیفسکی نے فنِ ناول نویسی کا خاتمہ کر دیا‘‘۔ دنیائے ادب میں بہت بڑے بڑے لوگ گزرے ہیں لیکن دستوئیفسکی کا ایک ناول پڑھنے کے بعد ان سب کے ادبی کمالات نظر سے گر جاتے ہیں۔ ’’وہ ایک بڑا آرٹسٹ ہے جسے ادنیٰ کمالات کا دماغ نہیں‘‘۔ اس کے ناول وہ طوفان برپا کر دیتے ہیں، جس سے پرانی دنیا بگڑتی اور نئی دنیا بنتی ہے۔ اس کی تصانیف کی صداقت آج بھی زندہ ہے۔
اس کے ناولوں نے اسے روسی انشاء پردازوں کا سرتاج بنا دیا تھا۔ 1881ء میں اس نے شاعر بشکن کی برسی میں ایک تقریر کی، جس نے اس کی شہرت کو عروج پر پہنچا دیا۔ اسی سال موت نے اُسے اچانک گھیرا اور اس کی عظمت کا یہ ادنیٰ ثبوت تھا کہ اس کا جنازہ اس شان سے اُٹھا جس پر بادشاہ بھی رشک کر سکتے تھے۔ اگر دُنیائے ادب کی تقسیم مقصود ہو تو کہا جائے گا کہ ادب کے دو اَدوار ہیں، ایک دستوئیفسکی سے پہلے کا ادب اور ایک دستوئیفسکی کے بعد کا ادب۔

???? شاہد حمید

شاہد حمید 1928ء میں جالندھر کے ایک گائوں پَرجیاں کلاں میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اسلامیہ ہائی سکول ننگل انبیا میں حاصل کی۔ 1947ء میں فسادات کے دوران میں پاکستان ہجرت کی۔ لاہور آ کر پہلے اسلامیہ کالج لاہور سے بی اے کیا اور گورنمنٹ کالج لاہور سے ایم اے انگریزی کی ڈگری حاصل کی۔ ان کے اساتذہ میں خواجہ منظور حسین اور ڈاکٹر محمد صادق قابلِ ذکر ہیں۔ مشہور نقاد مظفر علی سید فرسٹ ایئر سے سکستھ ایئر تک شاہد حمید کے کلاس فیلو رہے۔ تعلیم کے دوران میں بطورِ صحافی ’’روزنامہ آفاق‘‘ میں کام کیا، پھر سرکاری ملازمت اختیار کر لی۔ ایمرسن کالج، ملتان، گورنمنٹ کالج، ساہیوال اور گورنمنٹ کالج، لاہور میں انگریزی پڑھاتے رہے۔ 1988ء میں ریٹائر ہوئے۔ ادب سے دلچسپی بہت پرانی ہے، لیکن انھوں نے فیصلہ کیا کہ تیسرے درجے کی طبع زاد تحریروں سے عالمی کلاسک کا ترجمہ زبان و ادب کی بدرجہا بہتر خدمت ہے۔ یہ سوچ کر انھوں نے لیوطالسطائی کے عظیم ناول ’’جنگ اور امن‘‘ کا اُردو میں ترجمہ کرنے کا بیڑا اُٹھایا اور کئی سال کی محنت شاقہ کے بعد اس کام کو مکمل کیا۔ اس ترجمے پر انھیں بہت داد ملی۔ انھوں نے ایڈورڈ سعید کی نہایت اہم تصنیف ’’مسئلہ فلسطین‘‘ کا ترجمہ بھی کیا۔ ایڈورڈ سعید کی پیچیدہ نثر سے انصاف کرنا مشکل تھا لیکن یہ مرحلہ بھی شاہد حمید نے کامیابی سے طے کیا۔ اس کے بعد انھوں نے جین آسٹن کے ناول ’’تکبر اور تعصب‘‘ اور بین الاقوامی بیسٹ سیلر ’’سوفی کی دُنیا‘‘ کا ترجمہ کیا۔ ان کا تازہ ترین کارنامہ دستوئیفسکی کے ناول ’’کرامازوف برادران‘‘ کا اُردو ترجمہ ہے۔ اس ناول کو دُنیا بھر میں دستوئیفسکی کی سب سے باکمال تصنیف سمجھا گیا ہے۔ اس کی اُردو میں دستیابی ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے۔ شاہد حمید نے اُردو زبان کی ثروت مندی میں جو اضافہ کیا وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔

بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2916998385197342