پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خیال آگ ہے ، شعلہ ہے فکر ، لَو ، الفاظ یہ سب ہنر ہ…

خیال آگ ہے ، شعلہ ہے فکر ، لَو ، الفاظ
یہ سب ہنر ہیں تو پھر اس ہنر میں ہم بھی ہیں
….
غیاث متین کا یومِ وفات
August 21, 2007

غیاث متین (اصل نام سید غیاث الدین) کی تاریخ پیدائش10 نومبر1942ء ہے۔ انھوں نے ایم۔اے( جامعہ عثمانیہ ) امتیازی نشانات اور دوہرے گولڈ میڈل کیساتھ تکمیل کرنے کے بعد سری وینکٹیشورا یونیورسٹی، تروپتی سے بی۔ ایڈ۔ کیا۔ بعد ازاں پروفیسر مغنی تبسم صدر شعبۂ اردو، جامعہ عثمانیہ کی زیر نگرانی ”ن۔م۔راشد-ایک تجزیاتی مطالعہ” کے عنوان سے ڈاکٹریٹ کی تکمیل کی۔ ابتدأ میں پرائمری اسکول ٹیچر کی حیثیت سے شعبۂ تدریس سے وابستہ رہے۔جنوری 1975ء کو شعبۂ اُردو ، جامعہ عثمانیہ میں لکچرر کی حیثیت سے ان کا تقرر عمل میں آیا۔ 1992ء میں پروفیسر کے عہدے پر فائز ہوئے ۔ 1995-98ء صدر شعبہئ اُردو اور1996-98ء چیئرمین بورڈ آف اسٹیڈیز کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ نومبر 2002ء کو وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوئے ۔ 21اگسٹ 2007ء کو انتقال ہوا 65برس کی عمر پائی۔
…
تم نے پوچھا ہے تو بس تم کو بتاتا ہوں متینؔ
صبح ہوتی ہے کہیں ، شام کہیں ہوتی ہے !
….
اپنی ہی ذات کے اندر کا سفر خوب سہی
قاف تا قاف سفر ہو ، تو سفر لگتا ہے !
…..
کاغذوں کے ٹکڑوں سے آئینہ بناتے ہیں
ہم ہیں کیسے دیوانے ، کیا سے کیا بناتے ہیں

تتلیوں کے پَر جیسے خواب ہیں متینؔ اپنے
ہاتھ بھی نہیں آتے ، سلسلہ بناتے ہیں
…..
دھوپ کا احساس جانے کیوں اسے ہوتا نہیں
وقت آوارہ ہے ، ٹھنڈی چھاؤں میں سوتا نہی
…..
میں نے چپکے سے کہی ، اک بات اس کے کان میں
اس نے اپنے ہاتھ سے گل کردیا ہنس کر چراغ !
….
لہجے کو پھول ‘ لفظ کو جُگنو ‘ اگر کریں
وقتِ رَواں کے ساتھ معانی ‘ سفر کریں
…
موسم ‘ پرندے ‘ دھوپ کی دیوار ‘ شب چراغ
قصہ طویل ہونے لگا ‘ مختصر کریں
…
آئینہ بن کے بات کرتی دھوپ
دِل کی دیوار پر برستی دھوپ
….
اکیلا گھر ہے ‘ کیوں رہتے ہو ‘ کیا دیتی ہیں دیواریں
یہاں تو ہنسنے والوں کو ‘ رُلادیتی ہیں دیواریں
….
چڑھتے ہوئے دریا ہوں کہ سوکھی ہوئی نہریں
رکھتے ہیں تِرے سر ‘ سبھی الزام ‘ سمندر
…
عکس جس کو تم سمجھتے ہو متینؔ
آئینے کے بھی ہے اندر آئینہ
…
کیوں کسی کو ڈھونڈتے ہو ، ہاتھ میں لے کر چراغ
اب کہاں وہ گاؤں ، ہوتے تھے جہاںگھر گھر چراغ
..
غیاث متین کے ہاں مختصر بحروں میں بھی بڑی تعداد میں غزلیں ملتی ہیں:
…
ٹوٹنا اپنے دل کا یاد آیا
آئینہ ٹوٹ کر بکھرتے ہی !
…
چلتے پھرتے منظروں کا سلسلہ
آئینہ ، درِ آئینہ ، درِ آئینہ
…
ہم سے کیا پوچھتے ہو کیا ہے رات
اس کی باتوں کا سلسلہ ہے رات
…
اسی سے دل کی سیرابی ہے لوگوں
نکل کر آنکھ سے دریا نہ جائے
…
بڑی دھوپ تھی گھر کے باہر متینؔ
مگر ، وہ شجر آسرا دے گیا
…
دل جلا پھر ، چراغ جلتے ہی
اپنے دکھ بھی ہیں شام جیسے ہی


Comments

One response to “خیال آگ ہے ، شعلہ ہے فکر ، لَو ، الفاظ یہ سب ہنر ہ…”

  1. وااااہ واااااہ وااااہ ماشااللہ بہت عمدہ جنابِ محترم کیا کہنے شاندار مضامین سے آراستہ معیاری غزل ہر شعر قابل ستائش ہر شعر معنی خیز عمدہ اسلوب و بیان اس خوبصورت کلام پر بہت سی داد و تحسین قبول فرمائیں سلامت و شاد رہیں
    اور مسلسل اسی طرح نوازتے رہیں

جواب دیں