خاموش غازی پوری کا تعارف
تخلص :خاموشؔ
نام :مظفر حسین
پیدائش :20 جولائ 1932
وفات :27 ستمبر 1981
عمر جلووں میں بسر ہو یہ ضروری تو نہیں
ہر شب غم کی سحر ہو یہ ضروری تو نہیں
چشم ساقی سے پیو یا لب ساغر سے پیو
بے خودی آٹھوں پہر ہو یہ ضروری تو نہیں
نیند تو درد کے بستر پہ بھی آ سکتی ہے
ان کی آغوش میں سر ہو یہ ضروری تو نہیں
شیخ کرتا تو ہے مسجد میں خدا کو سجدے
اس کے سجدوں میں اثر ہو یہ ضروری تو نہیں
سب کی نظروں میں ہو ساقی یہ ضروری ہے مگر
سب پہ ساقی کی نظر ہو یہ ضروری تو نہیں
مے کشی کے لیے خاموش بھری محفل میں
صرف خیام کا گھر ہو یہ ضروری تو نہیں
