پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جہاں قطرے کو ترسایا گیا ہُوں وہیں ڈ…

جہاں قطرے کو ترسایا گیا ہُوں
وہیں ڈوبا ہُوا پایا گیا ہُوں

بہ حالِ گُمرہی پایا گیا ہُوں
حرَم سے دیر میں لایا گیا ہُوں

بَلا کافی نہ تھی اِک زندگی کی
دوبارہ یاد فرمایا گیا ہُوں

بَرنگِ لالۂ وِیرانہ بیکار
کِھلایا اور مُرجھایا گیا ہُوں

اگرچہ ابرِ گوہر بار ہُوں میں
مگر آنکھوں سے برسایا گیا ہُوں

سُپردِ خاک ہی کرنا ہے مجھ کو
تو پھر کاہے کو نہلایا گیا ہُوں

فرشتے کو نہ میں شیطان سمجھا
نتیجہ یہ کہ بہکایا گیا ہُوں

کوئی صنعت نہیں مجھ میں تو پھرکیوں
نمائِش گاہ میں لایا گیا ہُوں

بقولِ برہَمن قہرِ خُدا ہُوں
بُتوں کے حُسن پہ ڈھایا گیا ہُوں

مجھے تو اِس خبر نے کھو دِیا ہے
سُنا ہے میں کہیں پایا گیا ہُوں

حفِیظؔ اہلِ زباں کب مانتے تھے
بڑے زوروں سے منوایا گیا ہُوں

حفیظؔ جالندھری

المرسل: فیصل خورشید


Comments

5 responses to “جہاں قطرے کو ترسایا گیا ہُوں وہیں ڈ…”

  1. Hafeez ahl-e-zabaa’n kab maante the…
    Bade zoro’n se manwaaya gaya hu’n..!!
    Waaaah…kya baat hai

  2. نہ ہی اکادمی ادبیات کے صدر نشین،نہ ترقی پسند مصنفین کے ہمرکاب اور نہ ہی ریڈیو کے پروڈیوسر ۔۔۔ اسلئے آج کسی نے بھی حفیظ جالندھری کو یاد نہِیں کِیا۔لوگ تو اُن کے لِکھے گئے قومی ترانے پر اُنگلیاں اُٹھانے سے باز نہیں آتے۔۔تو اُن کو شاعِر کون تسلیم کرے گا!! جبکہ جناب حفیظ جالندھری ایک قادرالکلام شاعِر تھے جِنکو قلَم اور لفظوں پہ مُکمّل دسترَس حاصِل تھی
    ابوالاثر جناب جالندھری خود بھی مترنم تھے اس لیے انہوں نے ہمیشہ ایسے لفظوں کا انتخاب کیا جو غنائیت کے پیکر پر پورے اترتے ہیں۔ غنائیت کا سبب ان کی گیت نگاری بھی ہے۔ انہوں نے دوسری جنگ عظیم کے زمانے میں فوجی گیت لکھے تھے اور گیت کو بھی انہوں نے نئے پیکر عطا کیے۔ شاید اسی لیے آج تک حفیظ جالندھری کی شناخت ابھی تو میں جوان ہوں کے حوالے سے کی جاتی ہے۔ بلا شبہ یہ ایک پر اثر گیت ہے کیوں کہ اس میں جو الفاظ استعمال کیے گئے ہیں وہ اپنی جگہ پر نگینے کی طرح جڑے ہوئے ہیں اور سامع کے دل پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ بھی ہے کہ حفیظ کی غزلوں کا سرمایہ کافی ہے اور حفیظ خود کو غزل گو کہلوانا پسند کرتے تھے۔ انہوں نے غزل میں بہت سے نئے تجربات کیے۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ سلیس زبان کا استعمال کیااور گرد و پیش کے واقعات کو اپنی غزلوں کا موضوع بنایا۔ ایک طرح سے انہوں نے غزل کو فطری پوشاک عطا کی۔۔۔یہ ایک الگ بات ہے کہ جام چڑھا کر شاعری سنانے والوں نے جناب حفیظ جالندھری کو بھی اُسی سلوک سے نوازا جو احسان دانش،ساغر صدیقی اور اقبال ساجد سے رواء رکھا گیا مگر قلم تو حق کی عطاء ہوتا ہے ۔اسی قلم سے علامہ اقبال شکوہ جواب شکوہ تحریر فرماتے ہیں اور اسی قلم سے حفیظ جالندھری شاہنامہ اسلام لکھ کر امر بنا دئیے جاتے ہیں۔ حکیم خلیق الرحمٰن

    ہم میں ہی تھی نہ کوئی بات، یاد نہ تُم کو آ سکے​
    تم نے ہمیں بُھلا دیا ، ہم نہ تمہیں بُھلا سکے​

جواب دیں