جو چلا گیا سو چلا گیا جو ہے پاس اس کا خیال رکھ
جو لٹا دیا اسے بھول جا جو بچا ہے اس کو سنبھال رکھ
کبھی سر میں سودا سما کوئی کبھی رہگزار میں رقص کر
کبھی زخم باندھ کے پاؤں میں کہیں سرخ سرخ دھمال رکھ
کسی تارہ تارہ فراق سے کوئی گفتگو کوئی بات کر
یہ جواب گاہِ شعور ہے کوئی اپنے پاس سوال رکھ
ترے درد سارے گراں بہا تری وحشتیں ہیں عظیم تر
وہی بال کھول کے بین کر وہی شامِ صحنِ ملال رکھ
جہاں لغزشوں سے مفر نہیں یہ وہ آگہی کا مقام ہے
یہاں ہست و بود کو بھول جا نئی قربتوں سے وصال رکھ
یہ جو روشنی کا ہے دائرہ یہ رہینِ شمس و قمر نہیں
ترے بس میں کب تھا کہ اب رہے تو عروج رکھ یا زوال رکھ
(یاسمین حبیب)
مزید پڑھیں: یاسمین حبیب کی غزلیں — Yasmeen Habeeb Ghazals کی مزید غزلیں
جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔