جانے یہ کیسا زہر دلوں میں اُتر گیا
پرچھائیں زندہ رہ گئی انسان مَر گیا
بربادیاں تو میرا مقدّر ہی تھیں مگر
چہروں سے دوستوں کے مُلمّع اُتر گیا
اِس شہر میں خِراج طلب ہے ہر ایک راہ
وہ خوش نصیب تھا جو سلیقے سے مَر گیا
اے دوپہر کی دھوپ بتا کیا جواب دوں
دیوار پوچھتی ہے کہ سایہ کدھر گیا
جانے وہ مجھ میں کون تھا جو میرے ساتھ ساتھ
بیدار ہو کے خواب کی صورت بِکھر گیا
یہ موجِ خوں تو سر سے گذرتی ہی تھی مگر
آئندگاں کی سوچ کا چہرہ نِکھر گیا
اے شعلہءِ وُجود کوئی صورتِ نمود
ذرّوں کو یہ گُماں ہے کہ سورج بِکھر گیا
کیا کیا نہ اس کو زعم مسیحائی تھا اُمیدؔ
ہم نے دِکھائے زخم تو چہرہ اُتر گیا
اُمیدؔ فاضلی
۱۹۶۳ء
ماخذ:-دریا آخر دریا ہے ص۳۵/۳۶
اِنتِخاب
سفیدپوش
مزید پڑھیں: امید فاضلی کی غزلیں — Ummeed Fazli Ghazals کی مزید غزلیں

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔