
”تمہیں مجھ سے محبت ھے“
محبت کی طبعیت میں ، یہ کیسا بچپنا قدرت نے رکھا ھے ؟؟
کہ یہ جتنی پرانی ، جتنی بھی مضبوط ھو جائے
اِسے تائیدِ تازہ کی ، ضرورت پھر بھی رھتی ھے۔
یقین کی آخری حد تک ، دِلوں میں لہلہاتی ھو
نگاھوں سے ٹپکتی ھو ، لہو میں جگمگاتی ھو
ھزاروں طرح کے دلکش ، حسیں ھالے بناتی ھو
اِسے اظہار کے لفظوں کی حاجت ، پھر بھی رھتی ھے
محبت مانگتی ھے یوں گواھی اپنے ھونے کی
کہ جیسے طفلِ سادہ ، شام کو اِک بیج بوئے
اور شب میں بارھا اُٹھے ، زمیں کو کھود کر دیکھے
کہ پودا اب کہاں تک ھے ؟؟
محبت کی طبعیت میں ، عجب تکرار کی خُو ھے
کہ یہ اِقرار کے لفظوں کو ، سننے سے نہیں تھکتی
بچھڑنے کی گھڑی ھو ، یا کوئی ملنے کی ساعت ھو
اسے بس ایک ھی دُھن ھے ، کہو مجھ سے محبت ھے
کہو مجھ سے محبت ھے ، تمہیں مجھ سے محبت ھے۔
سمندر سے کہیں گہری ، ستاروں سے سِوا روشن
پہاڑوں کی طرح قائم ، ھَواؤں کی طرح دائم
زمیں سے آسماں تک ، جس قدر اچھے مناظرھیں
محبت کے کنائے ھیں ، وفا کے استعارے ھیں ، ھمارے ھیں
ھمارے واسطے یہ چاندنی راتیں سنورتی ھیں ، سنہر ا دن نکلتا ھے
محبت جس طرف جائے ، زمانہ ساتھ چلتا ھے۔
کچھ ایسی بے سکونی ھے ، وفا کی سرزمیوں میں
کہ جو اھل محبت کو ، سدا بے چین رکھتی ھے
کہ جیسے پُھول میں خوشبُو
کہ جیسے ھاتھ میں پارا ، کہ جیسے شام کا تارا۔
محبت کرنے والوں کی سحر ، راتوں میں رھتی ھے
گماں کے شاخچوں میں ، آشیاں بنتا ھے الفت کا
یہ عینِ وصل میں بھی ، ھِجر کے خدشوں میں رھتی ھے
محبت کے مسافر ، زندگی جب کاٹ چکتے ھیں
تھکن کی کرچیاں چُنتے ، وفا کی اَجرکیں پہنے
سمئے کی رھگزر کی ، آخری سرحد پہ رُکتے ھیں
تو کوئی ڈوبتی سانسوں کی ڈوری تھام کر
دھیرے سے کہتا ھے
یہ سچ ھے نا ، ھماری زندگی
اک دوسرے کے نام لکھی تھی
دھند لکا سا جو آنکھوں کے قریب و دور پھیلا ھے
اسی کا نام چاھت ھے
تمہیں مجھ سے محبت تھی
تمہیں مجھ سے محبت ھے.
محبت کی طبعیت میں , یہ کیسا بچپنا قدرت نے رکھا ھے
”امجد اسلام امجد“
جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔