پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بیدم شاہ وارثی اب آدمی کچھ اور ہماری نظر میں ہے …

بیدم شاہ وارثی

اب آدمی کچھ اور ہماری نظر میں ہے
جب سے سنا ہے یار لباس بشر میں ہے
…..
اے جنوں کیوں لیے جاتا ہے بیاباں میں مجھے
جب تجھے آتا ہے گھر کو مرے صحرا کرنا
….
اپنا تو یہ مذہب ہے کعبہ ہو کہ بت خانہ
جس جا تمہیں دیکھیں گے ہم سر کو جھکا دیں گے
….
برہمن مجھ کو بنانا نہ مسلماں کرنا
میرے ساقی مجھے مست مے عرفاں کرنا
….
بیدمؔ یہ محبت ہے یا کوئی مصیبت ہے
جب دیکھیے افسردہ جب دیکھیے جب مغموم
…
دینے والے تجھے دینا ہے تو اتنا دے دے
کہ مجھے شکوۂ کوتاہیٔ داماں ہو جائے
….
ہماری زندگی تو مختصر سی اک کہانی تھی
بھلا ہو موت کا جس نے بنا رکھا ہے افسانہ
…
جس کی اس عالم صورت میں ہے رنگ آمیزی
اسی تصویر کا خاکہ تو یہ انسان بھی ہے
…
جو سنتا ہوں سنتا ہوں میں اپنی خموشی سے
جو کہتی ہے کہتی ہے مجھ سے مری خاموشی
….
کہاں ایمان کس کا کفر اور دیر و حرم کیسے
ترے ہوتے ہوئے اے جاں خیال دو جہاں کیوں ہو
….
کشتیاں سب کی کنارے پہ پہنچ جاتی ہیں
ناخدا جن کا نہیں ان کا خدا ہوتا ہے
….
مرے درد نہاں کا حال محتاج بیاں کیوں ہو
جو لفظوں کا ہو مجموعہ وہ میری داستاں کیوں ہو
….
مرے ناشاد رہنے سے اگر تجھ کو مسرت ہے
تو میں ناشاد ہی اچھا مجھے ناشاد رہنے دے
…
سب نے غربت میں مجھ کو چھوڑ دیا
اک مری بے کسی نہیں جاتی
….
طور مجنوں کی نگاہوں کے بتاتے ہیں ہمیں
اسی لیلیٰ میں ہے اک دوسری لیلیٰ دیکھو
….
تم جو چاہو تو مرے درد کا درماں ہو جائے
ورنہ مشکل ہے کہ مشکل مری آساں ہو جائے
….
اس کو دنیا اور نہ عقبیٰ چاہئے
قیس لیلیٰ کا ہے لیلیٰ چاہئے
…..
وہ قلقل مینا میں چرچے مری توبہ کے
اور شیشہ و ساغر کی مے خانے میں سرگوشی
…
بیدم وارثی۔۔۔۔
تواریخ کے کچھ صفحات میں آپ کا اصل نام سیّد سراج الدین تحریر ہے مگر تصوف کی کتابوں میں آپ کا اسم گرامی سیّد غلام حسنین درج ہے۔۔شاعری کے اوائل میں نِثار اکبر آبادی سے اصلاح لی شعر کی دنیا میں بہت جلد نام پیدا کر لیا۔آپ کی والدہ صاحبہ آپ کو دیوہ کے معروف بزرگ جناب سیّد وارث علی رح کے پاس لے گئیں۔مرشد کے زیرِ سایہ رہ کر شاعری نے تصوف کا مزہ چکھا ایک وقت ایسا بھی آیا کہ اپنا کلام سب سے پہلے اپنے مرشد کے آستانے پہ پیش کرتے فناءفی الحق کی منزل پہ پہنچے تو مرشد کی طرف سے”بےدَم” کے نام سے پکارے گئے ، یہی نام وجہِ شہرت بنا۔
(حکیم خلیق الرحمٰن)


Comments

3 responses to “بیدم شاہ وارثی اب آدمی کچھ اور ہماری نظر میں ہے …”

  1. رہائی جس سے نہ ہو ایسے جال کے صدقے
    میں زلفِ یار تِرے بال بال کے صدقے

    میں تِرے یار رُخِ بےمثال کے صدقے
    ازل سے ہوں تِرے حُسن و جمال کے صدقے

    کہیں پہ حشر بپا کردیا کہیں فتنے
    میں فتنۂ گر تِری اِس چال ڈھال کے صدقے

    دکھا دے ایک جھلک اپنی گیسوؤں والے
    تتارِ رُخ پہ ترے خط و خال کے صدقے

    دیا وہ جام کہ پیتے ہی ہو گیا بیہوش
    میں اپنے ساقیٔ بے قیل و قال کے صدقے

    ملا رہا نہ ملا پاس رہ کے دور رہا
    فدا فراق کے ایسے وصال کے صدقے

    جو قبر میں بھی نہ دے چین حشر تک بیدمؔ
    میں ایسی یاد کے صدقے خیال کے صدقے

    غلام حسین بیدمؔ شاہ وارثی
    1876-1936بارہ بنکی ????
    ???? کلیات بیدمؔ ✍

جواب دیں